پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن سے مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے ٹورنامنٹ یا پاکستان کے تمام میچز کسی غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
محی الدین احمد وانی کے مطابق یہ درخواست موجودہ پاک انڈیا دوطرفہ حساس صورت حال اور سیکیورٹی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول یقینی بنایا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشین ہاکی فیڈریشن موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستان کے میچز انڈیا سے کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرے، جس سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے بہتر اور محفوظ ماحول فراہم ہوسکے۔
پی ایچ ایف کے صدر نے واضح کیا کہ پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی اور عالمی ہاکی میں شرکت کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ پاکستان انڈیا سمیت انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے تمام رکن ممالک کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے اور کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے اصول پر قائم ہے۔
محی الدین احمد وانی نے امید ظاہر کی کہ ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان کی تجویز پر مثبت فیصلہ کرے گی اور قومی ٹیم کی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں مکمل اور بلا تعطل شرکت یقینی بنانے کے لیے میچز غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست منظور کرے گی۔
خیال رہے کہ مینز ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 انڈیا میں 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک شیڈول ہے۔ ایونٹ میں پاکستان، انڈیا، چین، جاپان، ملائیشیا اور کوریا کی ٹیمیں شرکت کریں گی، جب کہ ٹورنامنٹ کے میچز جالندھر اور موہالی میں کھیلے جانے ہیں۔







