راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اوپنرز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم 55 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ فخر زمان گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 4 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 22 رنز بنا کر مہیش تھیکشنا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کپتان صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے گزشتہ میچ کی عمدہ کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کی اور دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنائی۔ دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا اسکور 143 رنز تک پہنچایا، تاہم صاحبزادہ فرحان 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
صاحبزادہ فرحان کے آؤٹ ہونے کے بعد حسن نواز نے معاذ صداقت کا ساتھ دیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ معاذ صداقت نے دباؤ میں آئے بغیر تیز رفتار بیٹنگ جاری رکھی، جبکہ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کا مجموعی اسکور 200 رنز سے تجاوز کروا دیا۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو ان کے کیریئر کی بہترین اننگز تھی۔ ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ تاہم اننگز کی آخری گیند پر چھکا لگا کر سنچری مکمل کرنے کی کوشش میں وہ کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دوسری جانب حسن نواز نے بھی اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 9 گیندوں پر ناقابلِ شکست 19 رنز بنائے، جن میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان نے ابتدائی اوورز ہی سے رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی اور آخری 5 اوورز میں 70 رنز اسکور کیے۔ اس طرح قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، مہیش تھیکشنا اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے آغاز پر سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس کے بعد پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ آج کی پچ گزشتہ میچ کے مقابلے میں زیادہ سخت ہے اور اس پر گھاس بھی کم ہے، جو پاکستانی کھلاڑیوں کے مزاج کے مطابق ہے۔ ان کے مطابق کھلاڑی اس طرح کی پچ پر کھیلنا پسند کرتے ہیں۔
اس اہم مقابلے کے لیے سری لنکن ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں، جبکہ پاکستان نے بھی اپنی فائنل الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے رضا اللہ کی جگہ سلمان مرزا کو شامل کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کو سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ 9 اکتوبر، بروز جمعہ، پاکستان نے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پہلے ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے، جبکہ پاکستان نے 6 وکٹیں گنوا کر 9 گیندیں قبل ہدف حاصل کر لیا تھا۔
قومی ٹیم کی نظریں دوسرا میچ جیت کر سیریز میں برتری مستحکم کرنے پر مرکوز ہیں، جب کہ سری لنکن ٹیم سیریز برابر کرنے کے لیے میدان میں اتری ہے۔







