برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی 2030 کے ورلڈ کپ کے میچز اسپین اور انڈورا میں نشر کرے گی، تاہم معاہدے کی مالی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع ہوگا جب نیٹ فلکس اسپین میں مردوں کے کسی بڑے بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کے میچز نشر کرے گا۔

معاہدے کے تحت اسپین میں ورلڈ کپ کے دوران روزانہ ایک میچ مفت نشر کیا جائے گا، جبکہ نیٹ فلکس ایک مفت ٹی وی چینل بھی فراہم کرے گا، جس پر منتخب میچز دکھائے جائیں گے۔

منتخب میچز میں اسپین کی قومی ٹیم کے تمام مقابلے، دونوں سیمی فائنلز اور فائنل شامل ہوں گے۔ تاہم نیٹ فلکس نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ مفت نشریات کے لیے کون سا ٹی وی چینل استعمال کیا جائے گا۔

اسپین کے سرکاری ٹیلی ویژن نیٹ ورک ٹی وی ای نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کیا کہ آیا وہ ورلڈ کپ کے مزید میچز نشر کرنے کے لیے نشریاتی حقوق حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے یا نہیں۔

2030 کا فٹبال ورلڈ کپ اسپین، پرتگال اور مراکش میں کھیلا جائے گا، جب کہ ٹورنامنٹ کی 100 سالہ تقریبات کے سلسلے میں افتتاحی میچز ارجنٹائن، پیراگوئے اور یوراگوئے میں بھی ہوں گے۔

یوراگوئے نے 1930 میں پہلے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی، اس لیے 2030 کا ٹورنامنٹ ورلڈ کپ کے آغاز کے 100 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقد کیا جائے گا۔

اس سے قبل رواں برس اسپین میں قومی ٹیم کے میچز سرکاری ٹی وی نیٹ ورک پر نشر کیے گئے تھے، جب کہ نجی پلیٹ فارم ڈی اے زیڈ این نے ٹورنامنٹ کے تمام 104 میچز نشر کیے تھے۔

نیٹ فلکس گزشتہ چند برسوں کے دوران کھیلوں کی براہ راست نشریات کے شعبے میں بھی سرگرم ہوا ہے اور اس کے پلیٹ فارم پر این ایف ایل، بیس بال، ڈبلیو ڈبلیو ای، باکسنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے نشر کیے جا رہے ہیں۔

کمپنی کے پاس امریکا اور کینیڈا میں 2027 کے ویمنز فٹبال ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق بھی ہیں، جبکہ 2031 کے ویمنز ورلڈ کپ کے حقوق بھی نیٹ فلکس کے پاس ہیں۔

2030 کے ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق کا حصول نیٹ فلکس کی کھیلوں کی براہ راست نشریات کے شعبے میں بڑھتی ہوئی موجودگی کی ایک اور اہم پیش رفت ہے۔