راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا نے ہدف 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 87 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جب کہ کمِندو مینڈس 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سِنیتھ جے وردنا نے 38 رنز بنائے، جب کہ لہیرو اُڈارا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عمران اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان صاحبزادہ فرحان نے 47 گیندوں پر 76 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جس میں سات چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ عرفات منہاس 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے دیگر بلے بازوں میں حسن نواز نے 16، عبدالصمد نے 15، فخر زمان نے 12، محمد عمران نے 6 اور خواجہ نافع نے 3 رنز بنائے، جب کہ معاذ صداقت اور رضا اللہ کوئی رن نہ بنا سکے۔
سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا نے تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ایشان ملنگا اور نووان تشارا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وجایاکانتھ ویاسکنتھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، جب کہ دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے 215 رنز بنانے کے بعد مہمان ٹیم کو 133 رنز پر محدود کرکے 82 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تیسرے میچ میں شکست کے باوجود پاکستان نے سیریز 2-1 سے جیت لی۔







