انڈیا کے شہر احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پروٹیز نے مقررہ 20 اوورز میں 187 رنز بنائے، جب کہ افغانستان کی ٹیم بھی مقررہ اوورز میں اتنے ہی رنز بنانے میں کامیاب رہی، جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے ہوا۔

پہلے سپر اوور میں افغانستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے 17 رنز اسکور کیے، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی 17 رنز ہی بنا سکی۔ یوں میچ دوسرے سپر اوور تک جا پہنچا۔

دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 23 رنز بنائے، تاہم افغان ٹیم 19 رنز ہی بنا سکی اور اس طرح پروٹیز نے چار رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن 12 کے مجموعی اسکور پر مارکرم فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ایک وکٹ جلد گرنے کے بعد ڈی کوک اور ریکلٹن نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ریکلٹن 61 اور ڈی کوک 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ڈیوالڈ بریوس 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جب کہ ڈیوڈ ملر نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے تین اور راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

افغانستان کی اننگز کا آغاز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے کیا۔ ایک موقع پر افغانستان کی پوزیشن مستحکم دکھائی دے رہی تھی، تاہم 13 گیندوں کے دوران پانچ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے باعث پوری ٹیم 20ویں اوور میں 187 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے سات چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ عظمت اللہ عمرزئی نے 22 اور راشد خان نے 20 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیڈی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ افغانستان کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب کہ جنوبی افریقہ نے کینیڈا کو 57 رنز سے ہرایا تھا۔