لائیو

ایران جنگ ختم کرنے میں روس اور چین ہماری مدد کر رہے ہیں، صدر ٹرمپ

ایران جنگ ختم کرنے میں روس اور چین ہماری مدد کر رہے ہیں، صدر ٹرمپ26 نومبر، 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو روس اور چین کی جانب سے انٹیلیجنس معلومات فراہم کیے جانے کی رپورٹس کی اہمیت کم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم کرانا چاہتے ہیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا میں واقع اپنی رہائش گاہ مارالاگو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ حالیہ ملاقات میں ایران کے ساتھ جاری جنگ پر بھی بات ہوئی تھی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین ایران کے معاملے میں بہت کم ملوث ہے، تاہم اگر وہ براہ راست جنگ میں حصہ لیتا ہے تو اسے حقیقی مداخلت تصور کیا جائے گا۔

ایران کو روس اور چین کی جانب سے انٹیلیجنس معلومات فراہم کیے جانے سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ کسی ملک کو محدود انٹیلیجنس معلومات دینا براہ راست فوجی مداخلت کے برابر نہیں۔ ان کے مطابق امریکا بھی دوسرے ممالک کے بارے میں معلومات جمع کرتا ہے، اس لیے ایسی سرگرمیوں پر حیرت نہیں ہونی چاہیے۔

روسی انٹیلیجنس معاونت سے متعلق سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں روس ایران کو زیادہ معلومات فراہم نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ روس اور چین دونوں چاہتے ہیں کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم ہو اور ان کے خیال میں یہ دونوں ممالک اس معاملے میں ان کی مدد کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ماسکو اور بیجنگ خطے میں کشیدگی بڑھانے کے بجائے اسے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے اس گفتگو میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا خود بھی دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ انٹیلیجنس معلومات فراہم کرتا ہے۔

تازہ اپڈیٹس

  1. حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی، شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر غور اور ان پر عملدرآمد کے لیے حکومتی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کردیا۔

    جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لے گی اور ان پر نیک نیتی، خلوص اور تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت کے ساتھ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے معاملے پر مشاورت کا سلسلہ گزشتہ ملاقاتوں سے جاری ہے۔ خلیجی جنگ کے باعث تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے تناظر میں جماعت اسلامی کی جانب سے عوام کو مزید ریلیف دینے کے لیے تجاویز پیش کرنا قابلِ تحسین ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت نے فوری طور پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مختصر مدت میں ٹارگٹڈ سبسڈی کا طریقہ کار وضع کرنا ممکن نہیں تھا، اس لیے ملک بھر میں سبسڈی فراہم کی گئی، جس پر وفاقی حکومت نے 128 ارب روپے خرچ کیے، بعد ازاں صوبائی حکومتیں بھی اس اقدام میں شریک ہوئیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کے بعد حکومت نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے جامع سبسڈی پروگرام شروع کیا، جس سے اب تک دو کروڑ افراد براہِ راست جب کہ تقریباً 10 کروڑ افراد بالواسطہ یا بلاواسطہ مستفید ہو چکے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تجاویز پر حکومتی ٹیم اور جماعت اسلامی کے درمیان متعدد نشستیں ہو چکی ہیں۔ آج کی مشاورت میں فیصلہ کیا گیا کہ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے اور ان پر عملدرآمد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

    اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے ریلیف پیکج پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کے ساتھ سنجیدگی اور مستقل مزاجی سے مذاکرات کیے ہیں اور حکومت کی جانب سے سامنے آنے والی مثبت پیش رفت خوش آئند ہے۔

    واضح رہے کہ ملاقات میں جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ اور عنایت اللہ خان بھی شامل تھے، جب کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق باجوہ بھی شریک ہوئے۔

  2. طلبہ یونین کی بحالی ہمارا جمہوری حق ہے، مطالبات تسلیم کیے جائیں: صاحبزادہ وسیم حیدر

    ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور طلبہ پر مزید ظلم برداشت نہیں کریں گے، طلبہ یونین کی بحالی ان کا جمہوری حق ہے اور حکومت کو طلبہ کے مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔

    پنجاب اسمبلی کے سامنے تیسرے روز جاری دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ وہ اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور پوری طلبہ قوت کے ساتھ دوبارہ آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں پُرامن احتجاج اور طلبہ کی منظم جدوجہد جاری رہے گی۔ حکومت طلبہ کے جمہوری حقوق تسلیم کرے اور انہیں اپنی قیادت خود منتخب کرنے کا حق دے۔

    صاحبزادہ وسیم حیدر نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے پُرامن دھرنے کے انتظامات درہم برہم کرنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، جب کہ ان کی قیادت میں آنے والے قافلے کو پولیس نے طاقت کے زور پر روکنے کی کوشش کی، جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ایک جمہوری ملک میں اپنی جمہوری آزادیاں حاصل ہونی چاہئیں اور انہیں اپنی قیادت منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ نوجوانوں کو اپنے حقوق کے لیے مؤثر آواز اٹھانا ہوگی اور اسلامی جمعیت طلبہ کی تحریک کا حصہ بننا چاہیے۔

    حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے صاحبزادہ وسیم حیدر نے سوال اٹھایا کہ کیا حکومت تعلیمی اداروں کو منشیات کے مراکز اور چھاؤنیوں میں تبدیل کرنا چاہتی ہے؟ نوجوانوں کو بنیادی جمہوری اور تعلیمی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

    اسلامی جمعیت طلبہ نے ملک بھر میں طلبہ یونینز پر پابندی کے خلاف یومِ سیاہ بھی منایا۔ دھرنے میں پنجاب بھر سے طلبہ نے شرکت کی اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔

    واضح رہے کہ اس موقع پر سیکریٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ابوذر غفاری، اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل حسن امین، ناظم پنجاب جنوبی حذیفہ عثمان، ناظم پنجاب شمالی احمد عبداللہ، ناظم لاہور عبداللہ عباس اور ناظم جامعہ پنجاب احسن فرید نے بھی خطاب کیا۔

  3. کبھی بھی پنجاب کی تقسیم کے حق میں نہیں رہا، ہم قوم پرست نہیں، پاکستان پرست ہیں، بلاول بھٹو زرداری

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف رائے نہیں رکھتی، پنجاب اور سندھ اسمبلی میں صوبوں پرقرارداد پیش کی جاچکی، ہم دونوں اسمبلیوں کے فیصلےکیساتھ ہیں، صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرایا تو متنازع ترین ہوگا۔

    ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ سندھ میں احتجاج کرنے والے ہمیں وفاق پرست کہتے ہیں ، اسلام آباد میں ہمیں قوم پرست کہا جاتا ہے ، ہم پاکستان پرست ہیں۔کراچی میں میری پریس کانفرنس کے بعد نامناسب رد عمل آیا ، وہ کسی پر نہ تنقید کررہے ہیں کہ یہ 9 مئی میں ملوث ہیں، نہ کسی کو گالی دے رہے ہیں، وہ تو صرف اپنا موقف دے رہے ہیں، اگر کوئی سمجھتا ہےکہ ان کی آواز دبائی جاسکتی ہے تو یہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ  پیپلزپارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف رائے نہیں رکھتی،جو فیصلہ پنجاب اسمبلی کا ہوگا میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا، جو فیصلہ سندھ اسمبلی کا ہوگا میں اس کے ساتھ بھی کھڑا ہوں گا، تمام صوبوں کے لیے پیپلزپارٹی کی ایک رائے ہے، پنجاب اسمبلی میں صوبے کے حوالے سے قرارداد مسلم لیگ ن کی حکومت میں منظورہوئی، سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف قرار داد متعدد بارمسترد کی، میں پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہوں، میں نے پنجاب کے چارٹکڑے کی بات کبھی نہیں سنی۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ جو حالات کراچی کو دیکھنا پڑے وہ لاہور کو دیکھنا نہیں پڑے، بہت دیر بعد ہم نے کراچی میں امن قائم کیا، سندھ کی سیاست میں پیپلزپارٹی کو روکنےکے لیے نفرت کابیج بویا گیا، میں خبردار نہیں کررہا تھا، صرف خطرے کی گھنٹی بجارہا تھا، قوم پرست جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کیا اس دن ایم کیو ایم نے جلسے کا فیصلہ کیا، اب وہ دوسرا جلسہ تب رکھ رہے ہیں جب سندھ میں کلچرڈے ہے،لگتا ہے جان بوجھ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ جب تک ہم سب کا انتخابی نظام پر اعتماد نہیں ہوگا ، تمام الیکشنز اور ریفرنڈم متنازع رہیں گے، موجودہ حالات میں ملک کو ایک ری سیٹ کی ضرورت ہے ، ری سیٹ یا ری بوٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، اپوزیشن کا فرض ہے کہ وہ فنانس کمیٹی میں بیٹھے۔ معاشی طور پر ہمیں مزید مشکلات کا سامنا کرناپڑےگا، اگر ہم واقعی چاہتے ہیں کہ سسٹم عوام کی خدمت کرے تو جلد اقدامات کرنا ہوں گے، ہمیں اس سسٹم کو اس قابل بنانا ہوگا کہ ان حالات کا مقابلہ کرسکیں، پارلیمان کو فعال کرنا ہے تو ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں کیے جائیں ، پارلیمان سے باہر ہونے والے فیصلے حتمی نہیں ہوتے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جب تک انتخابات پر جماعتوں کے اعتراضات ہوں گے وہ متنازع ہوں گے، یہ پہلا الیکشن ہے جس پر حکومتی جماعتوں اوراپوزیشن کو اعتراض ہے، حکومتی جماعتیں اوراپوزیشن جماعتیں دونوں اسے دھاندلی زدہ کہہ رہی ہیں۔ موجودہ ججز اس عدالتی نظام سے مطمئن نہیں ہیں۔سمجھتا ہوں ریزرونشستیں پی ٹی آئی کو ملنی چاہیے تھیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے 27ویں ترمیم پر Brute Majoritry سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت  کرتے ہوئے کہا  کہ 27 ویں ترمیم پرBrute majorty کے ان کے الفاظ کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی،27 ویں ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کرائی گئی، اس ترمیم پر اپوزیشن کا اعتماد نہیں ہے،لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ 27 ویں ترمیم کو پھاڑ دیا جائے، بہتر اور زیادہ اتفاق رائے سے جو ترمیم ہوتی ہے اس کی طاقت زیادہ ہوتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ری سیٹ کی بحث میں نے شروع نہیں کی، اس ملک کا سسٹم کولیپس ہے توکیوں ہے، سسٹم کولیپس کیسے ہوا، خودبخود ہوا یاسیاسی جماعتوں کی وجہ سے ہوا؟ جب تک یہ طے نہیں کرسکتےکہ سسٹم کولیپس کیوں ہوا، اسے بحال نہیں کیا جاسکتا، 1973 کااآئین خود بخود کولیپس نہیں ہوا کرایا گیا ہے۔

    پریس کانفرنس میں بلاول نے نام لیے بغیر محسن نقوی پر بھی تنقیدکی اور کہا کہ کوئی انکار نہیں کہ وزیراعظم کے بعد سب سے محنتی وزیر وہ ہیں، ایران کے ساتھ امن قائم کرنا ہے یا صوبے بنانے ہیں تو وہ ذمہ داری اٹھاتے ہیں ۔

  4. جنوبی پنجاب کو محروم رکھنے والے عوام کے مجرم ہیں، مریم نواز

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہےکہ  جنوبی پنجاب کی محرومی کی سیاست کرنے والے یہاں سے جیت کر  اپنے محلوں میں بیٹھ جاتے ہیں، وہ محرومی ختم کرنا نہیں بلکہ اپنی دکان چلانا چاہتے تھے۔

    ملتان میں تقریب سے خطاب میں  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر وہ محرومی ختم کردیتے تو ان کی سیاسی دکان بھی ختم ہوجاتی، ن لیگ نے ان کی دکان بندکردی  ہے۔ جھوٹے نعرے لگانے والے گناہ گار نہیں عوام کے مجرم ہیں ، ہمارے لیے سارا پنجاب برابر ہے، پورے صوبےکو سہولتیں دے رہے ہیں ۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر ہوچکے، پانچ سال میں دس لاکھ گھر تعمیر کرنے ہیں ، لوگ جتنا کرایہ دیتے تھے اب اس سے بھی کم ماہانہ قسط پر گھر کے مالک بن رہے ہیں۔

      وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر دنیا کا سب سے سستا اور تیز ترین منصوبہ ہے، اسکیم کی کامیابی کی دنیامعترف ہے، یہ منصوبہ دنیا کے ریکارڈ توڑےگا۔ اب وعدوں کا موسم گزر گیا وعدوں کی تکمیل کا وقت ہے، جس کے پاس گھر نہیں اپلائی کریں انھیں 15 لاکھ روپے بلاسود قرض ملےگا۔ قرض کی واپسی کی شرح 97.6 فیصدتک پہنچ گئی ہے، 312 ارب  روپے نئےگھروں کی تعمیر پر خرچ ہو رہے ہیں۔

  5. جماعتِ اسلامی کا حکومت سے معاہدے پر اتفاق ہوگیا؛ 'مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے'

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے آج ہونے والی ملاقات میں حکومت کے ساتھ ریلیف پیکیج اور پیٹرولیم لیوی سمیت مختلف معاملات پر اتفاق ہوا ہے، تاہم جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹی۔

    وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی نے بہترین کام کیا ہے۔ حکومت کے اعلان کردہ ریلیف پیکیج سے اب تک 2 کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں اور لوگوں کو بہتر انداز میں ریلیف مل رہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ریلیف بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، جب کہ 1600 سی سی تک کی گاڑیوں کے سرکاری استعمال سے متعلق بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان کے مطابق ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں اور کاشت کاروں کو ٹریکٹرز کے حوالے سے بھی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ پیٹرولیم لیوی کم کرنے کے معاملے پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معاہدے میں آئی پی پیز کا معاملہ بھی شامل کرایا گیا ہے۔گزشتہ دو سال کے دوران بجلی کے بلوں میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ معاہدے پر اتفاق کے باوجود جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوئی۔ معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے مذاکراتی کمیٹیاں موجود رہیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گندم، چینی اور گیس کے مسائل پر بھی آواز اٹھائے گی اور خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے خاتمے کا مطالبہ کرتی رہے گی۔

    امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 29 نومبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ ہوگا، جس میں وہ جماعت اسلامی کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گھر بیٹھنے والی نہیں، ایک ریلیف حاصل کرنے کے بعد دوسرے ریلیف کے لیے بھی سڑکوں پر نکلے گی۔

    حافظ نعیم الرحمان نے بلوچستان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ میڈیا ورکرز کو ان کے حقوق فراہم کریں۔

  6. پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات، حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی کا وفد وزیراعظم ہاؤس پہنچ گیا

    جماعت اسلامی کا وفد امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں وزیراعظم ہاؤس پہنچ گیا، جہاں وفد نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے معاملے پر بات چیت کی۔

    وفد میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ اور عنایت اللہ خان بھی شامل ہیں۔

    وزیراعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اب تک پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات بہتر سمت میں آگے بڑھے ہیں۔ امید ہے آج قوم کو خوشخبری ملے گی کیونکہ حکومت نے یہی وعدہ کیا تھا۔

    اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی وزیراعظم ریلیف پروگرام میں توسیع دلانے کی کوشش کرے گی۔

مزید خبریں