ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران پر بیلسٹک میزائل حملے کے الزامات بے بنیاد ہیں اور ایسا رویہ اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے الزامات علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد بڑھانے اور خطے میں عدم تحفظ کو روکنے کی جاری کوششوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے رات گئے اس کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے، تاہم اماراتی وزارتِ دفاع کے مطابق دونوں میزائل اماراتی سرزمین پر نہیں گرے۔
اماراتی حکام کے مطابق ایک میزائل متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود سے باہر جبکہ دوسرا سمندری حدود کے اندر گرا۔
ایران کی جانب سے مبینہ میزائل حملے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی اور مالیاتی لین دین اگلے نوٹس تک معطل کرنے کا اعلان بھی کیا۔
اماراتی وزارتِ خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ علاقائی کشیدگی اور امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والے بڑھتے ہوئے تناؤ کے پیش نظر کیا گیا۔
واضح رہے کہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد ایران نے آپریشن کے دوران متحدہ عرب امارات پر حملہ نہیں کیا تھا۔







