میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی لیڈرشپ کونسل کے رکن عبدالرحمان المحرمی کی سربراہی میں جنوبی مسلح افواج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ یمنی فورسز نے شمالی الضالع کے باب غلق، الفخر اور ماریس کے محاذوں پر حوثیوں کے ٹھکانوں، فوجی بیرکوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا کہ حملوں کے دوران حوثیوں کی بیرکوں، خندقوں، سرنگوں اور فوجی ٹھکانوں کے ساتھ ساتھ فوجی گاڑیوں اور دیگر آلات کو بھی نقصان پہنچا۔

بیان کے مطابق یہ حملے حوثی جنگجوؤں کی نقل و حرکت اور اگلے مورچوں پر کمک پہنچانے کے جواب میں کیے گئے۔ ان کارروائیوں کا مقصد الضالع میں حوثیوں کی جانب سے کی جانے والی ایسی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنا تھا جو یمنی فورسز کی پوزیشنز کے لیے خطرہ بن سکتی تھیں۔

دوسری جانب حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر ان دعوؤں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔