آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب میں کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر کوئی بھی پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو آزمانے کی غلطی نہ کرے۔

انہوں نے نئے قائم کیے گئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز کو تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ تینوں افواج ایک متحد نظام کے تحت ملٹی ڈومین آپریشنز کو مزید مضبوط بنائیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہر سروس اپنی انفرادیت اور آپریشنل تیاری برقرار رکھے گی، جب کہ ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز سہ رُخی آپریشنز کو مربوط کرے گا۔

خطاب کے دوران آرمی چیف نے طالبان حکام کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ طالبان رجیم کو واضح طور پر بتا دیا گیا ہے کہ ان کے پاس فتنۂ الخوارج یا پاکستان، ان میں سے صرف ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان کا تصور ناقابلِ تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسلح افواج اور قوم ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ کسی کو پاکستان کے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد!