پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 40 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 377 روپے 91 پیسے سے کم ہوکر 374 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 76 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 402 روپے 96 پیسے سے کم ہوکر 395 روپے 20 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 2 نومبر 2026 تک کے لیے کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں سے منسلک ہیں، جبکہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 31 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 27 مرتبہ کمی اور 45 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز 30 اکتوبر کو حکومت نے 31 اکتوبر سے 2 نومبر تک کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کیا تھا، جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا اور اسے 377 روپے 91 پیسے برقرار رکھا گیا تھا۔ تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 402 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔