لاہور میں حافظ نعیم الرحمان نے جامعہ اشرفیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مہتمم جامعہ مولانا فضل رحیم کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
دورے کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے جامعہ اشرفیہ کے اساتذہ اور طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے وسائل پر قابض اشرافیہ پاکستان کو نوآبادیاتی طرز پر چلا رہی ہے، جس کی وجہ سے عوام حقیقی تبدیلی سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دستور پاکستان کے مطابق یہ ایک اسلامی ریاست ہے، تاہم عملی طور پر آج بھی انگریز کے بنائے ہوئے نظام ہی رائج ہیں۔ اسلامی دنیا کو تقسیم کر دیا گیا ہے اور امت مختلف گروہوں میں بٹ چکی ہے، جس سے اجتماعی قوت کمزور ہو رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے دینی مدارس کے اساتذہ و طلبا پر زور دیا کہ وہ اسلام کے جامع تصور کو عام کریں اور امت کو جوڑنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی ملک میں فرسودہ نظام کے خاتمے اور حقیقی اسلامی و عوامی اصلاحات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔







