16 سالہ کرسٹیانو جونیئر نے جمعرات 12 نومبر کو اینڈورا کے خلاف 2027ء انڈر 17 یورپی چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ مقابلے میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں قدم رکھا، جب کہ پرتگال نے یہ میچ 4-0 سے جیت لیا۔
کرسٹیانو جونیئر کھیل کے 73ویں منٹ میں میدان میں آئے اور میچ کے آخری تقریباً 20 منٹ کھیلے۔ وہ 88ویں منٹ میں گول کرنے کے قریب بھی پہنچے، تاہم ان کا ہیڈر گول پوسٹ کے قریب سے گزر گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پرتگال کی سینئر ٹیم کے کھلاڑی وٹینہ، روبن نیوس، گونچالو راموس اور ژاؤ فیلکس سمیت دیگر فٹ بالر بھی اس موقع پر موجود تھے، جو اپنی تربیت سے قبل نوجوان کھلاڑیوں کا میچ دیکھنے پہنچے تھے۔
کرسٹیانو جونیئر اس سے قبل پرتگال کی انڈر 15 اور انڈر 16 ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں اور دونوں عمر کے گروپس میں مجموعی طور پر 13 میچز کھیل چکے ہیں۔
اب انہیں پرتگال کی انڈر 17 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو 2027ء یورپی چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کرسٹیانو جونیئر نے اپنے فٹ بال کیریئر کا آغاز سعودی کلب النصر کی یوتھ ٹیم سے کیا تھا۔ اس سے قبل وہ مانچسٹر یونائیٹڈ اور یووینٹس کی یوتھ ٹیموں کے ساتھ بھی وابستہ رہے، جہاں ان کے والد نے اپنے کیریئر کے مختلف ادوار گزارے۔







