مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے قانونی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جس میں ایسے جرائم کے مقدمات کی فوری سماعت کے لیے خصوصی اسپیڈی کورٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات کا مقررہ مدت میں فیصلہ یقینی بنایا جائے گا، جب کہ تفتیش اور استغاثہ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے مدد لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات میں آڈیو اور ویڈیو شواہد کی مؤثر ریکارڈنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے جرائم کی تفتیش بہتر بنانے کے لیے پولیس افسران کی استعداد کار بڑھانے اور زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں سزا کی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو انصاف دلانے کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے گی۔ خواتین اور بچے معاشرے کا حساس طبقہ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم اور حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے پولیس اسٹیشنز میں خواتین سے متعلق 12 لاکھ 40 ہزار شکایات درج ہوئیں، جن میں سے 92 فیصد پر کارروائی مکمل کر لی گئی۔

بریفنگ کے مطابق ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن پر بھی تقریباً سوا لاکھ شکایات موصول ہوئیں۔ ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد گمشدہ یا اغوا کیے گئے بچوں کو بازیاب کرا کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا، جب کہ 4 ہزار خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کو بھی ان کے گھروں تک پہنچایا گیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا چیف جسٹس صاحبان کو خط: ’زندہ رہوں گا تو اپنی بے گناہی ثابت کرسکوں گا۔‘

آئی جی پنجاب نے بتایا کہ بچوں سے زیادتی کے 7 ہزار 588 مقدمات حل کیے جا چکے ہیں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی کے 71 فیصد واقعات میں متاثرین کے قریبی افراد ملوث پائے گئے۔

مریم نواز شریف نے سرگودھا میں جرائم پیشہ افراد کے گینگ کے خاتمے پر پولیس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آئی جی، آر پی او، ڈی پی او سرگودھا اور سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات رپورٹ کرنا ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ناگزیر ہے۔ ایسے مقدمات میں سزا یقینی بنانے کے لیے خصوصی تربیت یافتہ تفتیشی عملہ اور مؤثر تفتیشی نظام ضروری ہے۔ انہوں نے جرائم کی روک تھام کے لیے سماجی شعور اور آگاہی بڑھانے پر بھی زور دیا۔