دلجیت دوسانجھ نے 15 نومبر کو انڈین ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں شہر میں پرفارم کرنے سے روکنے کی کئی کوششیں کی گئیں، تاہم انہوں نے مداحوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا اور تمام رکاوٹوں کے باوجود اسٹیج پر پہنچے۔
کنسرٹ میں موجود ہزاروں مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے گلوکار نے کہا کہ انہیں اندور آنے سے روکنے کے لیے بہت کوششیں کی گئیں، لیکن جب وہ کسی سے آنے کا وعدہ کرتے ہیں تو کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ ان کے اس بیان پر شائقین نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا۔
یہ کنسرٹ دلجیت دوسانجھ کے جاری (AURA India Tour 2026) کا حصہ تھا۔ اس سے قبل بھی ان کے بھارتی دورے کے دوران مختلف شہروں میں انتظامی مسائل، سکیورٹی خدشات اور بعض گانوں کے بول پر اعتراضات سامنے آچکے ہیں۔
دلجیت دوسانجھ نے اندور کنسرٹ کا آغاز شائقین سے ’جے شری مہاکال‘ کا نعرہ لگوانے سے کیا۔ انہوں نے شہر کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہاکال کی سرزمین ہے اور ہمیں یہاں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
گلوکار نے کہا کہ ہم پہلے بھی خوف زدہ نہیں تھے اور آج بھی خوف زدہ نہیں ہیں۔ آپ کو ڈرنے کی کیا ضرورت ہے؟ آپ کی طاقت اور محبت ہی ہمیں یہاں تک لے کر آئی ہے۔
کنسرٹ کے دوران دلجیت نے کہا کہ انہیں بتایا جاتا ہے کہ یہ گانا نہیں گانا اور وہ گانا نہیں گانا، اس کے بعد انہوں نے معروف مرحوم اردو شاعر راحت اندوری کی غزل کے چند اشعار سنائے۔
انہوں نے خاص طور پر یہ اشعار پڑھے
'ہمارے منہ سے جو نکلے وہی صداقت ہے
ہمارے منہ میں تمہاری زبان تھوڑی ہے
اگر خلاف ہیں، ہونے دو، جان تھوڑی ہے
یہ سب دھواں ہے، کوئی آسمان تھوڑی ہے
میں جانتا ہوں کہ دشمن بھی کم نہیں لیکن
ہماری طرح ہتھیلی پہ جان تھوڑی ہے
سبھی کا خون ہے شامل یہاں کی مٹی میں
کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے'
راحت اندوری کے ان اشعار کے ذریعے دلجیت نے مخالفت اور پابندیوں کے درمیان اپنا موقف پیش کیا، جسے کنسرٹ میں موجود مداحوں نے خوب سراہا۔
چار گانے پیش نہ کرنے کی ہدایت
اندور کنسرٹ سے قبل ضلعی انتظامیہ کے محکمہ بہبودِ خواتین و اطفال کے تحت ضلعی تحفظِ اطفال افسر نے منتظمین کو ہدایت دی تھی کہ دلجیت دوسانجھ پروگرام کے دوران اپنے چار مخصوص گانے پیش نہ کریں۔
ان گانوں میں ’پٹیالہ پیگ‘، ’5 تارا‘، ’جیب وچوں افیم‘ اور ’جٹ اتھے فائر کردا‘ شامل تھے۔
حکام کا مؤقف تھا کہ ان گانوں کے بول میں شراب، منشیات اور ہتھیاروں کا ذکر ہے، جس سے کم عمر بچوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ چونکہ کنسرٹ میں پانچ سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو بھی شرکت کی اجازت تھی، اس لیے منتظمین کو یہ گانے پروگرام میں شامل نہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
یہ کارروائی چندی گڑھ کے پروفیسر پنڈت راؤ دھریناور کی شکایت کے بعد کی گئی تھی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ ایسے گانوں کو عوامی پروگراموں میں پیش کرنے سے روکا جائے۔
اس سلسلے میں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے 2019ء کے ایک حکم کا بھی حوالہ دیا گیا تھا، جس میں گانوں کے ذریعے شراب، منشیات اور تشدد کی تشہیر پر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔
کنسرٹ سے قبل بم دھماکوں کی دھمکیاں
دلجیت دوسانجھ کے اندور کنسرٹ سے قبل سکیورٹی کے حوالے سے بھی سنگین تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق شہر کے تین نجی اسکولوں، اندور کے میئر پشیامتر بھارگوا کے دفتر اور تین بینکوں کو ای میل کے ذریعے بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔
ان ای میلز میں 15 نومبر کو ہونے والے کنسرٹ کے دن دھماکے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، جبکہ اسکولوں کو اپنے طلبہ کو پروگرام میں نہ بھیجنے کا مشورہ بھی دیا گیا تھا۔
دھمکی آمیز ای میلز موصول ہونے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تینوں اسکولوں کے احاطوں کی تلاشی لی، تاہم وہاں سے کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجیش ڈنڈوتیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ان ای میلز کے فرضی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ پولیس کی کرائم برانچ ای میل بھیجنے والوں کی شناخت کے لیے تکنیکی شواہد کی جانچ کر رہی ہے۔
دہلی کنسرٹ کے دوران بھی مشکلات کا سامنا
دلجیت دوسانجھ کے بھارت کے دورے کا آغاز 30 اکتوبر کو نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں کنسرٹ سے ہوا تھا۔ تاہم اس پروگرام سے قبل بھی اجازت ناموں اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے مسائل سامنے آئے تھے۔
دہلی پولیس نے ابتدا میں سکیورٹی خدشات اور تہواروں کے دوران امن و امان کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے پروگرام کی اجازت روک دی تھی۔ بعد ازاں منتظمین کی جانب سے اضافی سکیورٹی انتظامات اور ہجوم کو منظم کرنے کا منصوبہ پیش کیے جانے کے بعد کنسرٹ منعقد ہوا۔
دہلی میں کامیاب پروگرام کے بعد دلجیت نے انسٹاگرام لائیو کے دوران کہا تھا کہ بھارت میں ان کے کنسرٹس کے انعقاد کے وقت خاص طور پر مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ تنقید اور مخالفت کے باوجود وہ اپنے کام سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔








