دفتر خارجہ میں بنگلہ دیش کے 35 سینئر سول سرونٹس پر مشتمل وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بنگلہ دیشی مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، مشترکہ ثقافتی روایات اور عوامی سطح پر موجود ہم آہنگی کو اجاگر کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بنگلہ دیشی سول سرونٹس کا یہ وفد ’پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور‘ کے تحت پاکستان آیا ہے، جہاں وہ نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے ایگزیکٹو ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام میں شرکت کر رہا ہے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ان روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، باہمی اعتماد اور احترام کی فضا دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

اسحاق ڈار نے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور سرکاری اداروں کے درمیان تجربات کے تبادلے کو دوطرفہ تعلقات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نالج کوریڈور جیسے اقدامات دونوں ملکوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام کے ذریعے دونوں ممالک کے افسران کو حکمرانی، انتظامی امور اور پبلک ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ اس طرح نہ صرف پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ افسران کے درمیان دیرپا روابط اور دوستانہ تعلقات بھی فروغ پائیں گے۔

نائب وزیراعظم نے بنگلہ دیشی وفد کے ارکان کے لیے پاکستان میں قیام کو مفید اور یادگار بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سرکاری سطح پر رابطوں، تعلیمی تعاون اور ادارہ جاتی تبادلوں میں پیشرفت کو دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔