ناورو کی 19 رکنی پارلیمنٹ میں یہ تبدیلی 1968ء میں آزادی کے بعد پہلی بار سامنے آئی ہے۔ صدر ڈیوڈ ایڈینگ نے 10 نومبر کو فیس بک پر جاری ایک بیان میں اس پیش رفت کا اعلان کیا۔ انہوں نے اسے قومی مفادات کے لیے اتحاد اور مشترکہ مقصد کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
ڈیوڈ ایڈینگ اکتوبر 2023ء سے صدر کے عہدے پر فائز ہیں، جب تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ان کے پیشرو رس کن کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ وہ 2025ء میں بلا مقابلہ دوبارہ صدر منتخب ہوئے۔
ناورو میں باضابطہ سیاسی جماعتوں کا نظام موجود نہیں اور پارلیمنٹ کے اراکین آزاد امیدواروں کی حیثیت سے منتخب ہوتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں غیر رسمی گروپ تشکیل پاتے ہیں، تاہم ان کی رکنیت تبدیل ہوتی رہتی ہے۔
بحرالکاہل کے جزیرہ ممالک میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کا وفاداریاں تبدیل کرنا عام ہے، لیکن ناورو میں پہلی بار پوری اپوزیشن حکومت میں شامل ہوئی ہے اور کوئی باضابطہ مخالف گروپ باقی نہیں رہا۔
دریں اثنا، سابق اپوزیشن کے دو اراکین پارلیمنٹ کو نائب کابینہ وزیر کے عہدے بھی دیے گئے ہیں، جن کے محکموں کا اعلان 17 نومبر کو کیا گیا۔
پیون ڈیئے کو ناورو پولیس فورس، انصاف اور بارڈر کنٹرول کے محکمے سونپے گئے ہیں، جبکہ جیسن بنگھم اگیر ایگیگو ہولڈنگز کارپوریشن کی قیادت کریں گے۔ یہ سرکاری ہولڈنگ کمپنی سپر مارکیٹوں، شہری مرکز، ٹرانسپورٹ سروسز اور موٹر انشورنس سمیت مختلف تجارتی کاروبار چلاتی ہے۔ انہیں وزارتِ کھیل کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔
آزاد اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل بحرالکاہل کے پارلیمانی نظام میں منحرف اراکین کو سرکاری عہدوں پر تعینات کرنا ایک معمول کا ترغیبی طریقہ سمجھا جاتا ہے۔
اس پیش رفت کے بعد صدر ایڈینگ 2028ء میں ہونے والے اگلے عام انتخابات تک باضابطہ حزب اختلاف کے بغیر حکومت کریں گے۔ ناورو میں پارلیمنٹ کی مدت تین سال ہوتی ہے۔
یہ واضح نہیں کہ اراکین پارلیمنٹ کی وفاداری میں تبدیلی کسی لالچ یا دھمکی کا نتیجہ تھی یا نہیں، تاہم ناورو میں سیاسی بدعنوانی اور ووٹ خریدنے کے الزامات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں۔
انتخابی امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کو موٹر سائیکلیں، گھریلو سامان اور دیگر مراعات پیش کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ماضی میں آسٹریلوی کمپنیوں اور ناورو کے سیاست دانوں سے متعلق رشوت کے اسکینڈلز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
آسٹریلوی فیڈرل پولیس نے ان الزامات کی تحقیقات کی تھیں کہ گولڈ کوسٹ میں قائم فاسفیٹ برآمد کنندہ کمپنی گیٹیکس نے فاسفیٹ معاہدے حاصل کرنے کے لیے ناورو کے سیاست دانوں کو رشوت دی۔ بعد ازاں کمپنی پر آسٹریلیا میں غیر ملکی رشوت ستانی کے جرائم کا الزام عائد کیا گیا۔
2016ء میں آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی نے بینک ریکارڈ سے متعلق رپورٹ شائع کی تھی، جس میں گیٹیکس کی جانب سے ڈیوڈ ایڈینگ کی مرحوم اہلیہ کے اکاؤنٹ میں باقاعدہ ادائیگیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔ ان ادائیگیوں کو ’’کنسلٹنسی فیس‘‘ قرار دیا گیا تھا۔
تاہم ایڈینگ نے رشوت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور ان پر اس معاملے میں کبھی کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا۔
فریڈم ہاؤس نے اپنی 2026ء کی رپورٹ میں کہا ہے کہ ناورو کے شہری عمومی طور پر سیاسی حقوق اور شہری آزادیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں، تاہم بدعنوانی اب بھی ایک مستقل چیلنج ہے۔
ماضی کی حکومتوں، جن میں وہ ادوار بھی شامل ہیں جب ایڈینگ نے اہم عہدے سنبھالے، اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو معطل کیا اور انہیں میڈیا پر کنٹرول اور حکومتی احتساب میں رکاوٹوں کے حوالے سے تنقید کا سامنا رہا۔
2014ء میں وزیر انصاف کی حیثیت سے ایڈینگ نے غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے بیانات کے معاملے پر اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی معطلی کی تحریک کی قیادت کی تھی۔
ناورو میں تمام نیوز آؤٹ لیٹس ریاست کی ملکیت ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے فیس بک پر جاری کردہ پوسٹس ہی اس تازہ پیش رفت کے اعلان کا واحد ذریعہ تھیں۔ غیر ملکی صحافیوں کو بھی ملک میں جا کر رپورٹنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ صحافتی ویزوں کی فیس 8 ہزار آسٹریلوی ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جو پہلے 200 آسٹریلوی ڈالر تھی۔
ناورو کی داخلی سیاست کے علاقائی اثرات بھی ہیں۔ ملک نے 2024ء میں چین کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے لیے تائیوان سے تعلقات منقطع کر لیے تھے۔ اس کے بعد ناورو خطے میں چین کے قریبی اتحادیوں میں شمار ہونے لگا ہے۔







