غزہ میں جنگ بندی اور تعمیرِ نو کے عمل کی نگرانی کرنے والے بورڈ آف پیس نے کہا ہے کہ معاہدے میں کیے گئے وعدوں اور زمینی حقائق کے درمیان بڑھتا ہوا فرق امن عمل کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔
منگل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں، جبکہ حماس کی فوجی سرگرمیاں بھی جنگ بندی کے طے شدہ لائحہ عمل پر عمل درآمد میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ بورڈ نے دونوں فریقوں سے اپنے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ میں اسرائیل کی جانب سے امدادی سامان اور ضروری آلات کی غزہ آمد پر عائد پابندیوں کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فنڈز کی کمی نے امدادی سرگرمیوں اور موسمِ سرما کی تیاریوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
بورڈ آف پیس کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے تباہ شدہ مکانات اور خیموں میں پناہ لینے والے فلسطینی ایک اور سرد موسم کا سامنا کرنے جا رہے ہیں۔ متاثرہ آبادی کو خیموں اور پناہ گاہوں کے سامان، سردی سے بچاؤ کی اشیا، جنریٹرز، پانی کے پمپ اور ملبہ ہٹانے والی بھاری مشینری کی فوری ضرورت ہے۔
بورڈ نے امداد اور تعمیرِ نو کے لیے پہلے سے کیے گئے مالی وعدوں کی رقم جلد جاری کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محض جنگ بندی کے اعلان سے غزہ کے عوام کی زندگیوں میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آسکی۔
امن منصوبے کے اہم حصوں میں غزہ کے انتظام کے لیے ایک عارضی فلسطینی ٹیکنوکریٹک انتظامیہ کا قیام بھی شامل ہے، جسے روزمرہ کے شہری معاملات چلانے کی ذمہ داری سونپی جانی ہے۔
تاہم بورڈ کے مطابق اسرائیل نے اس انتظامیہ کو غزہ میں کام شروع کرنے کے لیے ضروری منظوری نہیں دی۔ شہری پولیس کی تربیت اور تعیناتی کے انتظامات میں تاخیر بھی عبوری انتظامیہ کے قیام اور بین الاقوامی استحکامی فورس کی تعیناتی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
یہ فورس غزہ میں سکیورٹی کے انتظامات سنبھالنے، اسرائیلی فوج کے انخلا اور تعمیرِ نو کے عمل کو آگے بڑھانے کے منصوبے کا اہم حصہ ہے۔
بورڈ آف پیس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے اور غزہ میں انسانی امداد، تجارتی سامان کی فراہمی اور انتظامی ڈھانچے کی بحالی کی راہ ہموار کرے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اسرائیل یا حماس میں سے کوئی بھی فریق دوسرے کی جانب سے تاخیر کو اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کا جواز نہیں بنا سکتا۔
بورڈ کے مطابق جنگ بندی ختم ہونے کی صورت میں نہ صرف امن کا موجودہ لائحہ عمل متاثر ہوگا بلکہ غزہ میں نئی انتظامیہ کے قیام اور بڑے پیمانے پر تعمیرِ نو کے امکانات بھی شدید متاثر ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی 10 اکتوبر 2025ء کو امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی ثالثی کے بعد نافذ ہوئی تھی۔ معاہدے میں جنگ کے خاتمے، قیدیوں کے تبادلے، انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کے مستقبل کے انتظامات کی راہ ہموار کرنے جیسے نکات شامل تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ 20 نکاتی امن منصوبے کے تحت قائم بورڈ آف پیس کو جنگ بندی کی نگرانی اور غزہ کی تعمیرِ نو میں کردار ادا کرنا ہے۔ اس منصوبے کا حتمی مقصد فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت اور ریاست کے قیام کی جانب ایک قابلِ اعتبار راستہ فراہم کرنا بھی بتایا گیا ہے۔







