الخدمت فاؤنڈیشن کے مطابق غزہ میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 96 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں 26 ہزار خاندان مکمل طور پر جبکہ 70 ہزار خاندان جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

امدادی مہم کے تحت متاثرہ خاندانوں میں خیمے، ترپالیں، گدے، لحاف، گرم کپڑے اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔ بچوں کے لیے دستانے، جوتے، جرابیں، گرم ٹوپیاں اور مفلر بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ شدید سردی، مسلسل بارشوں اور رہائشی عمارتوں کی تباہی نے پہلے سے بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں رہنے والے خاندان سخت موسمی حالات سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن نے متاثرہ خاندانوں خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو سردی سے بچانے اور ضروری امداد فراہم کرنے کے لیے موسم سرما کی یہ مہم شروع کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ غزہ کے متاثرین کے لیے الخدمت کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ فاؤنڈیشن اب تک فلسطینیوں کی امداد پر 10 ارب 51 کروڑ روپے خرچ کرچکی ہے جبکہ 7 ہزار 580 ٹن امدادی سامان غزہ بھیجا جاچکا ہے۔

ان کے مطابق ہنگامی امداد کے علاوہ الخدمت متاثرہ فلسطینی خاندانوں کو تعلیم، صحت اور فیملی اسپانسرشپ کے شعبوں میں بھی معاونت فراہم کر رہی ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران کے دوران فلسطینی عوام کی مدد جاری رکھی جائے گی۔ متاثرہ خاندانوں کی تعلیم، صحت اور بحالی کے لیے بھی فاؤنڈیشن کی کوششیں جاری رہیں گی۔

انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر کے عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعتماد، تعاون اور مالی معاونت کی بدولت ضرورت مند فلسطینی خاندانوں تک امداد پہنچانے اور ان کی مشکلات کم کرنے میں مدد ملی ہے۔