اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسری فصلوں کی صورتحال بھی خراب ہے اور ملک میں زراعت کا شعبہ مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی جمعے کو شوگر ملز کے باہر دھرنے دے گی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شریف خاندان اور آصف زرداری کی بھی شوگر ملیں ہیں، جبکہ کسان اپنے مسائل کے حل کے لیے پریشان ہیں۔
آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ پنجاب حکومت نے گندم کی خریداری کے لیے جو کمپنیاں قائم کی تھیں، وہ کہاں ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں فلور ملز کو ناقص اور کچرا ملی گندم فراہم کی جا رہی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے، تاہم پٹرولیم بحران کے دوران آئل کمپنیوں نے ناجائز منافع کمایا۔ ان کے بقول جماعت اسلامی کے احتجاج کے باعث حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے سے روکا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم قیمتوں سے متعلق ایک مسودہ حکومت کو پیش کیا ہے اور حکومت عوامی ریلیف کا دائرہ بڑھانے پر رضامند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سبسڈی کے ذریعے ملنے والے ریلیف کو مزید لوگوں تک پہنچایا جانا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کو باور کرایا ہے کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے معاملے میں ملنے والے فوائد عوام تک بھی پہنچنے چاہییں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت آئی پی پیز کو دی جانے والی کیپیسٹی پیمنٹس فوری ختم کریں۔
گیس کے بحران پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں گیس کی شدید قلت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اپنی ایل پی جی کی ضروریات کا 55 فیصد ایران سے درآمد کر رہا تھا، تاہم اب ملک کو ایل پی جی کے بحران کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل پی جی سرکاری نرخوں پر کہیں دستیاب نہیں، اس لیے اس کی درآمد سے متعلق مسائل فوری حل کیے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے ایل این جی ٹرمینلز کو کیپیسٹی پیمنٹس کی ادائیگی پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی درآمد نہیں ہو رہی تو ایل این جی ٹرمینلز کو روزانہ پانچ لاکھ 38 ہزار ڈالر کس مد میں ادا کیے جا رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینلز کو بھی کیپیسٹی پیمنٹس دی جا رہی ہیں، جو عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ حکومت کو اس معاملے کا جائزہ لے کر وضاحت دینی چاہیے۔







