سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملک کے موجودہ نظام کو ختم کرنے یا اس میں بنیادی تبدیلی لانے کی بات کی جا رہی ہے تو اس نظام سے وابستہ تمام افراد کو اپنی ذمہ داریوں اور کردار کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔

وزیر دفاع کے مطابق سیاست دانوں کا احتساب جمہوری عمل کا حصہ ہے اور کوئی بھی سیاسی رہنما خود کو جواب دہی سے بالاتر نہیں سمجھ سکتا، سیاسی نظام میں اصلاحات یا تبدیلی کی بات کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں کو اپنے کردار اور کارکردگی کا بھی احتساب کرنا چاہیے۔

خواجہ آصف نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس کو دھواں دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں موجودہ حکومت اور سیاسی نظام پر تنقید کی گئی، تاہم سیاست دانوں کو عوام سے براہ راست رجوع کرنے کے جمہوری طریقہ کار کو چور دروازہ قرار نہیں دینا چاہیے، سیاست دانوں کی اصل طاقت عوامی حمایت اور ووٹ سے حاصل ہوتی ہے، اس لیے عوامی رائے کو فیصلہ سازی میں بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر پارلیمان میں بحث اور مکالمہ ہونا چاہیے، جبکہ عوامی ریفرنڈم یا کسی دوسرے جمہوری طریقے سے عوام کی رائے معلوم کرنے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر پارلیمان کے ساتھ عوام سے بھی رائے لی جائے تو نظام میں تبدیلی کے عمل کو زیادہ مضبوط جمہوری اور آئینی جواز حاصل ہوگا۔

وزیر دفاع نے پیپلز پارٹی کی سندھ میں طویل حکمرانی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 18 برس سے پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے، اس لیے بلاول بھٹو زرداری کو موجودہ نظام پر تنقید کے ساتھ اپنی جماعت کی صوبائی حکومت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں سندھ اور کراچی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بظاہر سندھ جنت بن چکا ہے اور کراچی کی حالت بھی ایسی ہے کہ دنیا اس پر رشک کرتی ہے۔

خواجہ آصف نے وفاقی حکومت میں پیپلز پارٹی کی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری 2022 سے حکومتی معاملات کا حصہ رہے ہیں، لیکن حکومتی فیصلوں کے سیاسی نتائج اور نقصانات کا بوجھ مسلم لیگ (ن) یا ملک کو برداشت کرنا پڑتا ہے، جبکہ سیاسی فائدہ پیپلز پارٹی کو حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص انصاف اور مساوات کی بات کرتا ہے، اسے اپنے کردار اور طرزِ عمل کو بھی اسی معیار پر پرکھنا چاہیے۔ خواجہ آصف نے بلاول بھٹو زرداری کے احتساب اور دوسروں کو جواب دہ بنانے کے مطالبات کے تناظر میں ان کی اپنی جماعت کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا، عام شہری کو باعزت زندگی کے مواقع فراہم کرنا اور حکومتی فیصلوں میں عوام کی شمولیت یقینی بنانا ہے، اقتدار اور حکمرانی عوام کی امانت ہیں، کسی فرد یا جماعت کی ذاتی میراث نہیں، جبکہ شہریوں کے بنیادی حقوق محض آئینی دستاویزات تک محدود نہیں رہنے چاہییں بلکہ عملی طور پر بھی ان کا تحفظ ہونا چاہیے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور دفاعی محاذوں پر عالمی سطح پر عزت اور وقار حاصل کیا ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمرانی کے نظام کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے اور عام شہری کو فیصلہ سازی میں شریک کیا جائے۔ ان کے مطابق ملک کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں پارلیمان کے ساتھ عوامی رائے کو بھی اہمیت دینا جمہوری اور آئینی اصولوں کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ملک کے نظام، حکمرانی اور مستقبل کے فیصلوں میں اپنی رائے دے سکیں۔ کوئی بھی سیاسی جماعت یا حکمران عوامی اختیار کو اپنی اجارہ داری نہیں سمجھ سکتا، کیونکہ جمہوریت کی اصل بنیاد عوامی تائید اور ان کی شراکت ہے۔