یہ ہدایات 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران جاری کی گئیں۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس طلب کرنے کی درخواست پر بھی سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر بشریٰ بی بی کے لیے اسپیشلسٹ ڈاکٹر کی ضرورت ہے تو انہیں ڈاکٹر فراہم کیا جائے۔ عدالت نے ان کے سیل میں سہولیات سے متعلق مسائل بھی حل کرنے کی ہدایت کی۔
اس سے قبل بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر وکلا آج بھی دلائل شروع نہ کرسکے۔
سماعت کے آغاز پر لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے ایک نئی درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موجودہ کیفیت ایسی ہے کہ وہ بینائی سے بھی محروم ہوسکتی ہیں۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے سے متعلق خط لکھوایا جاچکا ہے۔
جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے بیرسٹر سلمان صفدر کو بات کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ وہ ایک لفظ بھی نہیں بولیں گے اور انہیں اپیلوں پر دلائل کا آغاز کرنا ہوگا کیونکہ یہ چیف جسٹس کا حکم ہے۔
جسٹس سرفراز ڈوگر نے وکیل کو یقین دہانی کرائی کہ عدالت اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے انہیں مکمل انصاف فراہم کرے گی۔







