لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات چیت اور بحث کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ یہ ایک اہم قومی معاملہ ہے جس پر تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور ممکنہ فوائد و نقصانات کا جائزہ لینے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں ریفرنڈم کا طریقہ کار موجود ہے اور اگر کسی بڑے سیاسی یا انتظامی فیصلے پر عوام کی رائے معلوم کرنا مقصود ہو تو اس آئینی راستے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی ایک خوبی یہ ہے کہ وہ دوسروں کا مؤقف سنتے ہیں اور سیاسی معاملات میں بات چیت کی گنجائش رکھتے ہیں، مذاکرات اور مکالمے کے ذریعے پیچیدہ مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے، اس لیے صوبوں کی تشکیل اور انتظامی تبدیلیوں جیسے معاملات کو بھی سیاسی تصادم کے بجائے گفتگو کے ذریعے آگے بڑھانا چاہیے۔

ملک احمد خان نے بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سندھ وطنیت سے متعلق جو بات کی ہے، اس پر بھی کھل کر بحث ہونی چاہیے۔ وحدت کی سوچ، اس کے تاریخی پس منظر اور اس سے جڑے سیاسی تصورات کو بھی زیر بحث لانے کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی نے ماضی میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قرارداد پر ووٹ دیا تھا، لیکن اب سندھ کی تقسیم کی مخالفت کی جا رہی ہے، اس لیے پارٹی کو واضح کرنا چاہیے کہ دونوں صوبوں کے معاملے میں اس کے مؤقف کا فرق کیا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پنجاب کی انتظامی تقسیم کی حمایت کی جاسکتی ہے تو سندھ میں نئے صوبے یا انتظامی تبدیلی کی بات پر خونریزی کا خدشہ کیوں ظاہر کیا جا رہا ہے؟ ملک احمد خان کے مطابق کسی کے گھر کو جلانا، تشدد کرنا یا لوگوں کو نقصان پہنچانا کسی بھی صورت میں سیاسی حق نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے پارلیمان میں اختیار کیے گئے مؤقف اور حالیہ گفتگو کے درمیان بظاہر تضاد دکھائی دیتا ہے، جس پر سیاسی سطح پر وضاحت اور بحث ہونی چاہیے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ملک کی عدالتی تاریخ پر بھی بات کی اور کہا کہ ماضی کے بعض عدالتی فیصلوں نے جمہوری نظام کو نقصان پہنچایا، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ ملکی تاریخ کے بدترین فیصلوں میں شمار ہوتا ہے، جبکہ منتخب حکومتوں کے خاتمے سے متعلق عدالتی فیصلوں کے اثرات بھی جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئے۔

دوسری جانب پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ انتظامی یونٹس یا نئے صوبے بنانے کا اختیار اور مینڈیٹ قومی قیادت کا معاملہ ہے، اسے کسی ایک سیاسی جماعت کا فیصلہ نہیں سمجھنا چاہیے، موجودہ حکومت یا ان کی جماعت نے نئے صوبوں کی تجویز پیش نہیں کی، لہٰذا جن سیاسی قوتوں نے یہ خیال سامنے رکھا ہے، انہیں اس پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ذمہ داری بھی ادا کرنی چاہیے۔

رانا سکندر حیات نے سوال اٹھایا کہ اگر نئے صوبوں کے قیام پر قومی سطح پر اتفاق رائے مطلوب ہے تو اس موضوع کو پارلیمان میں باقاعدہ بحث کے لیے کیوں نہیں لایا جاتا؟ ان کے مطابق اس معاملے پر سیاسی جماعتوں کو کھل کر اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے اور عوام کو بھی بتایا جانا چاہیے کہ نئے صوبے بنانے سے انتظامی، معاشی اور سیاسی سطح پر کیا فوائد اور مشکلات سامنے آسکتی ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے پنجاب اسمبلی یا مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا، جو جماعتیں یا رہنما نئے صوبوں کی تشکیل کی تجویز دے رہے ہیں، انہیں اس کے حق میں دلائل دینے ہوں گے اور یہ بھی واضح کرنا ہوگا کہ اس اقدام سے عوام کو کیا فائدہ پہنچے گا۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ اگر تمام سیاسی جماعتیں ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے معلوم کرنے پر متفق ہوتی ہیں تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم ریفرنڈم کا عمل صرف پنجاب تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ دیگر صوبوں میں بھی عوام کو اپنی رائے دینے کا موقع ملنا چاہیے۔

انہوں نے نئے صوبوں کی بحث کے تناظر میں بلدیاتی نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اگر ملک میں مضبوط اور بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام موجود ہوتا تو شاید آج نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت پر اس انداز میں بحث نہ ہو رہی ہوتی۔ ان کے مطابق بلدیاتی نظام کی ناکامی کی ذمہ داری کسی ایک سیاسی جماعت پر عائد نہیں کی جاسکتی بلکہ تمام سیاسی جماعتیں اس صورتحال میں کسی نہ کسی حد تک شریک ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ان کی حکومت پانچ سال کے عوامی مینڈیٹ کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے، صوبوں جیسے اہم قومی معاملات پر فیصلے جذبات یا سیاسی بیانات کی بنیاد پر نہیں بلکہ وسیع تر مشاورت، قومی اتفاق رائے اور عوامی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے ہونے چاہییں۔