فلائٹ انٹرنیشنل کے اعداد و شمار میں بھارتی فضائیہ کے رافیل طیاروں کی تعداد میں چار کی کمی سامنے آنے کے بعد پاکستان کے اس دعوے کو تقویت ملی ہے کہ مئی 2025 میں پاک بھارت فضائی جھڑپ کے دوران بھارت کے چار رافیل طیارے تباہ ہوئے تھے۔
جریدے کی 2025 کی ورلڈ ایئر فورسز ڈائریکٹری کے مطابق بھارتی فضائیہ کے پاس 36 رافیل طیارے تھے۔ 2026 کی ڈائریکٹری میں یہ تعداد کم ہو کر 35 رہ گئی جبکہ 2027 کی ڈائریکٹری میں 32 طیارے درج کیے گئے ہیں۔
پاکستان کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ برس بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ نے چار رافیل طیاروں سمیت بھارت کے آٹھ لڑاکا طیارے تباہ کیے تھے۔
اس سے قبل برطانوی دفاعی جریدے کِی ایرو کی ایک تحقیقی رپورٹ میں بھی پاکستانی دعوے کی تائید کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 52 منٹ تک جاری رہنے والی فضائی جھڑپ میں بھارتی فضائیہ کے چار رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہوئے تھے۔
رپورٹ میں تباہ ہونے والے رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز بی ایس 001، بی ایس 021، بی ایس 022 اور بی ایس 027 بتائے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت ان چاروں طیاروں کے سیریل نمبرز کے حوالے سے کوئی واضح تصاویر پیش کرنے میں ناکام رہا۔
کِی ایرو کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ پاکستان کے ملٹی ڈومین آپریشنز نے بھارتی فضائیہ کو مفلوج کر دیا تھا۔
تاہم فلائٹ انٹرنیشنل کی ڈائریکٹری میں رافیل طیاروں کی تعداد میں کمی کی وجوہات بیان نہیں کی گئیں۔ اس لیے صرف ان اعداد و شمار کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ چاروں طیارے مئی 2025 کی فضائی جھڑپ میں ہی تباہ ہوئے تھے۔







