برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اور دیگر عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں رہنماؤں کی یہ تاریخی ملاقات چین کے جنوب مشرقی شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، جہاں رہنماؤں نے تقریباً 90 منٹ تک بات چیت کی۔

تین روزہ سفارتی دورے کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں جوہری خطرات میں کمی اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، تاہم جوہری ہتھیاروں میں کمی کے کسی سہ فریقی معاہدے یا اس حوالے سے باضابطہ مذاکرات کا اعلان نہیں کیا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ طویل عرصے سے امریکا، روس اور چین کے درمیان جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاہدے کے خواہاں ہیں، تاہم چین مسلسل اس تجویز کو مسترد کرتا رہا ہے۔ بیجنگ کا مؤقف ہے کہ اس کے جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ امریکا اور روس کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔

اعلامیے میں تینوں ممالک نے اقوام متحدہ میں اصلاحات آگے بڑھانے، دنیا بھر میں ایندھن کی مصنوعات کی فراہمی بڑھانے اور عالمی عدالتوں میں ریاستی عہدیداروں کو حاصل استثنیٰ برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) اور اس جیسے دیگر اداروں کے دائرہ اختیار کے مبینہ غلط استعمال پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔

اجلاس کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اسے سفارت کاری کی تاریخ کا ایک اہم باب قرار دیا، تاہم اعتراف کیا کہ اعلامیے میں کوئی بڑے اہداف مقرر نہیں کیے گئے اور کسی بھی ملک کو اس کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے مجبور نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے ملاقات کو مثبت، تعمیری اور نتیجہ خیز قرار دیا، جب کہ ٹرمپ نے اپنے دورۂ ایشیا کو ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تینوں بڑی طاقتوں پر عالمی امن برقرار رکھنے کے لیے نتیجہ خیز مکالمہ جاری رکھنے کی خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ملاقات میں یوکرین جنگ کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ پیوٹن نے کہا کہ یوکرین اور یورپی ممالک تنازع کے حل کے لیے ابھی سمجھوتے پر آمادہ نہیں، جب کہ انہوں نے یورپی یونین کے نمائندوں کو ماسکو آنے کی دعوت دینے کا بھی ذکر کیا۔

اجلاس کے دوران یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روسی ڈرون حملے جاری رہے۔ پیوٹن نے یوکرین کی جانب سے کریمیا کے پل پر حملے کے جواب میں مزید سخت ردعمل کی دھمکی بھی دی۔

مزید پڑھیں: دی اکانومسٹ کا 2027 کا کور جاری، تصویریں کیا بتاتی ہیں؟

ادھر امریکی سیاست دانوں نے ٹرمپ کے پیوٹن اور شی جن پنگ کے ساتھ قریبی تعلقات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ریپبلکن سینیٹر جان کرٹس نے کہا کہ جوہری جنگ کے خلاف عزم خوش آئند ہے، تاہم پیوٹن اور شی جن پنگ کو امریکا کا دوست سمجھنا قومی سلامتی اور اتحادیوں کے اعتماد کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

ڈیموکریٹ سینیٹر جین شاہین نے بھی ٹرمپ کی جانب سے پیوٹن کو دوست قرار دینے پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا۔

واضح رہے کہ تینوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی سہ فریقی ملاقات تھی، تاہم اس کے باوجود جوہری ہتھیاروں میں کمی، یوکرین جنگ اور دیگر بڑے عالمی تنازعات کے حل کے حوالے سے کوئی ٹھوس معاہدہ سامنے نہیں آیا۔