شیخ حسینہ اگست 2024 میں حکومت کے خلاف پرتشدد مظاہروں کے بعد ملک چھوڑ کر انڈیا چلی گئی تھیں، جہاں وہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ انہوں نے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواست دی ہے اور دسمبر میں وطن واپس آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے تاحال ان کی درخواست مسترد کر رکھی ہے، جس کے بعد عوامی لیگ کے ارکان اور حامی احتجاج کر رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے عوامی لیگ نے شیخ حسینہ کی واپسی کے لیے حمایت حاصل کرنے کی غرض سے ایک ہفتے پر مشتمل احتجاجی پروگرام اور ریلیوں کا اعلان کیا تھا، جس کا اختتام 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن کی صورت میں ہوگا۔

مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران بنگلہ دیش کے کم از کم 28 اضلاع میں درجنوں دیسی ساختہ بم دھماکے ہوئے اور متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی، جن کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت کئی شہری زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق منگل کی رات گئے شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج کے قریب احتجاج کے دوران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے ایک کارکن کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر قتل کردیا۔

اسی رات ڈھاکا میں وزیر برائے ثقافتی امور نتائی رائے چوہدری کی رہائش گاہ کے باہر دیسی ساختہ بم دھماکا ہوا، جبکہ گوپال گنج میں بی این پی کے ایک قانون ساز کے گھر اور جماعت کے حامیوں کی دکانوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔

حکام کے مطابق بدھ کی صبح جنوبی ضلع پیروج پور میں دو بسوں کو نذرِ آتش کردیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بس کمپنی کا ہیلپر جھلس کر ہلاک ہوگیا۔

واضح رہے کہ منگل کو شیخ حسینہ کو سزائے موت سنائے جانے کا ایک سال مکمل ہوا۔ مقامی عدالت نے انہیں 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی۔

بنگلہ دیش میں جاری تشدد کے دوران نوبل انعام یافتہ محمد یونس کے قائم کردہ گرامین بینک کی شاخوں اور دفاتر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ بینک کے مطابق 10 نومبر سے اب تک اس کی کم از کم 37 شاخوں اور دفاتر میں آتش زنی یا آگ لگانے کی کوششوں کے واقعات پیش آچکے ہیں، جبکہ منگل کی نصف شب کے بعد مزید 14 مقامات پر حملے کیے گئے۔

محمد یونس نے شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی سربراہی سنبھالی تھی، جس کے بعد انہیں حسینہ کے حامیوں کی مخالفت اور تنقید کا سامنا رہا ہے۔

پولیس ترجمان نیاز مہدی کے مطابق ڈھاکا میٹروپولیٹن پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عوامی لیگ اور اس سے منسلک تنظیموں سمیت کالعدم قرار دی گئی جماعتوں کے کم از کم 71 ارکان کو گرفتار کیا ہے۔

وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے منگل کو الزام عائد کیا کہ بیرونِ ملک مقیم عوامی لیگ کے رہنما اپنے حامیوں کو بنگلہ دیش میں بدامنی پھیلانے اور سرکاری و نجی املاک کو نذرِ آتش کرنے پر اکسا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔