خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق نیویارک کے علاقے بروکلین کی عدالت نے آصف مرچنٹ کو 330 ماہ قید کی سزا سنائی، جو 27 سال اور 6 ماہ بنتی ہے۔ امریکی حکام نے اس مقدمے کو سابق ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے تیار کی گئی مبینہ سازش سے جوڑا ہے۔

قاسم سلیمانی جنوری 2020 میں عراق کے دارالحکومت بغداد کے قریب امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔ وہ ایران کی بیرونی فوجی کارروائیوں کے ذمہ دار سمجھے جاتے تھے۔ ان کی ہلاکت کے بعد ایرانی حکام کی جانب سے امریکا سے بدلہ لینے کے بیانات سامنے آتے رہے، تاہم ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ یا دیگر امریکی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی کسی سازش میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق آصف مرچنٹ اپریل 2024 میں ایران میں کچھ وقت گزارنے کے بعد پاکستان سے امریکا پہنچے، جہاں انہوں نے ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا جس کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ وہ ان کے منصوبے میں معاونت کرسکتا ہے۔ تاہم اس شخص نے ان کی سرگرمیوں سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کردیا اور بعد ازاں امریکی حکام کے خفیہ ذریعے کے طور پر کام کرنے لگا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق جون 2024 کے آغاز میں آصف مرچنٹ نے نیویارک میں اس خفیہ ذریعے سے ملاقات کی اور اسے بتایا کہ انہیں امریکا میں کسی سیاسی شخصیت یا سرکاری عہدیدار کو قتل کرنے کے لیے لوگوں کی خدمات درکار ہیں، آصف مرچنٹ نے اس دوران ہاتھ سے پستول کا اشارہ بھی کیا، جسے قتل کی منصوبہ بندی سے متعلق سمجھا گیا۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق آصف مرچنٹ نے مبینہ منصوبے کے تین حصوں کی نشاندہی کی تھی، جن میں کسی ہدف کے گھر سے اہم دستاویزات یا یو ایس بی ڈرائیوز چوری کرنا، سیاسی اجتماعات میں احتجاج کا اہتمام کرنا اور کسی سیاست دان یا سرکاری عہدیدار کو قتل کرنا شامل تھا، یہ کارروائیاں امریکا میں انجام دی جانی تھیں، تاہم قتل کی منصوبہ بندی ان کے ملک چھوڑنے کے بعد مکمل ہونا تھی۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق جون کے وسط میں آصف مرچنٹ نے ایسے افراد سے ملاقات کی جنہیں وہ کرائے کے قاتل سمجھ رہے تھے، لیکن وہ دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خفیہ اہلکار تھے۔ اس ملاقات میں انہوں نے مبینہ طور پر دستاویزات چوری کرنے، سیاسی اجتماعات میں احتجاج کرانے اور ایک سیاسی شخصیت کو قتل کرنے کے لیے خدمات حاصل کرنے کی بات کی۔

امریکی استغاثہ کے مطابق آصف مرچنٹ نے مبینہ قاتلوں کو بتایا تھا کہ ہدف کے انتخاب اور قتل سے متعلق حتمی ہدایات انہیں بیرون ملک موجود ایک رابطہ کار کی جانب سے ملیں گی۔ انہوں نے اگست کے آخری ہفتے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں کارروائی کے امکانات کا بھی ذکر کیا تھا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق آصف مرچنٹ نے مبینہ کارروائی کے لیے پیشگی ادائیگی کا انتظام بھی کیا اور پانچ ہزار ڈالر نقد رقم خفیہ اہلکاروں کو فراہم کی۔ امریکی حکام نے اس ادائیگی کو مبینہ سازش کے سلسلے میں اہم ثبوت قرار دیا۔ بعد ازاں آصف مرچنٹ نے 12 جولائی 2024 کو امریکا سے روانہ ہونے کا انتظام کیا، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انہیں ملک چھوڑنے سے پہلے گرفتار کرلیا۔

مقدمے کی کارروائی کے دوران آصف مرچنٹ نے گواہی دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہیں ایران میں موجود اپنے خاندان کو پاسداران انقلاب سے بچانے کے لیے اس منصوبے میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا، انہیں کسی مخصوص شخصیت کو قتل کرنے کا واضح حکم نہیں دیا گیا تھا اور انہیں یقین تھا کہ کسی کو نقصان پہنچنے سے پہلے ہی وہ گرفتار کر لیے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق آصف مرچنٹ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ان کے ایرانی رابطہ کار نے تین ممکنہ اہداف کے نام لیے تھے، جن میں موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سابق صدر جو بائیڈن اور اقوام متحدہ میں امریکا کی سابق سفیر نکی ہیلی شامل تھیں۔ تاہم امریکی اعلیٰ حکام نے اس مقدمے کو خاص طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مبینہ قاتلانہ منصوبے کے طور پر پیش کیا۔

امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ نے سزا سنائے جانے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ آصف مرچنٹ ایک ایرانی ایجنٹ کے طور پر امریکی سرزمین پر آئے اور صدر ٹرمپ کے خلاف قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی میں رابطہ کاری کی کوشش کی، امریکی محکمہ انصاف ملک کی قیادت کے خلاف غیر ملکی دہشت گردانہ سازشوں کو برداشت نہیں کرے گا اور اس میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔

امریکی حکام اس سے قبل بھی آصف مرچنٹ کے ایران کے ساتھ قریبی روابط کا دعویٰ کرتے رہے ہیں اور ان کی مبینہ سرگرمیوں کو ایرانی حکومت کے طریقہ کار سے جوڑتے رہے ہیں۔ دوسری جانب تہران ان الزامات کو مسترد کرچکا ہے اور اس نے ٹرمپ یا دیگر امریکی حکام کو نشانہ بنانے کی کسی سازش میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق اس مقدمے کی تحقیقات ایف بی آئی نے کیں، جبکہ نیویارک کے مشرقی ضلع کے پراسیکیوٹرز اور محکمہ انصاف کے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کے انسداد دہشت گردی سیکشن سے وابستہ وکلا نے مقدمے کی پیروی کی۔

آصف مرچنٹ کی گرفتاری جولائی 2024 میں عمل میں آئی تھی، جس کے بعد ان کے خلاف عدالتی کارروائی شروع ہوئی۔ اب امریکی عدالت کی جانب سے 330 ماہ قید کی سزا سنائے جانے کے بعد یہ مقدمہ ایک اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔