ذرائع کے مطابق ڈی ایچ اے، نشاطِ علی، ویو گارڈن، علی پاک، نادرا آباد، تاج باغ، کینال بینک سمیت پندرہ سے زائد علاقوں میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق یہ فیصلہ جہازوں کی ٹیک آف اور لینڈنگ کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی آمد و رفت کو ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ صوبائی اور ضلعی حکومتوں کے درمیان گزشتہ ایک ماہ سے جاری مشاورت اور مذاکرات کے بعد ان علاقوں میں پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اس حوالے سے جلد باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔


تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے چار بلاکس جن میں پی، کیو، آر اور ایس بلاکس شامل ہیں، کے علاوہ بھٹہ چوک، نشاط علی، ویو گارڈن، علی پاک، نادرا آباد اور وہ تمام علاقے جہاں سے جہازوں کی لینڈنگ کا راستہ گزرتا ہے، وہاں پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہو گی۔

اس کے علاوہ جوڑے پل، الفیصل ٹاؤن، تاج باغ، کینال بینک اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بھی پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال اور فضائی سلامتی اولین ترجیح ہے، جس کے پیشِ نظر یہ اقدامات ناگزیر تھے۔