محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چھ اور سات فروری کو لاہور میں موسم خشک اور معتدل رہے گا، تاہم آٹھ فروری کو بھی بارش کا کوئی امکان نہیں، جب کہ بعض علاقوں میں جزوی طور پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔ اس دوران 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی مغربی اور شمال مغربی ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جو پتنگ بازی کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بسنت کی تقریبات کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ محکمہ نے خصوصاً پتنگ بازوں کو تاکید کی ہے کہ وہ بجلی کی تاروں، کھلی سڑکوں اور گنجان علاقوں کے قریب پتنگ بازی سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور اگر موسم میں کسی قسم کی تبدیلی ہوئی تو عوام کو بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔