پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بدھ کے روز کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتِ حال اور اندرونی سلامتی سے متعلق جاری آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بریفنگ کے دوران انڈین پشت پناہی سے سرگرم بین الاقوامی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ کی جانب سے کیے گئے حالیہ دہشت گرد حملوں اور سیکیورٹی فورسز کے بروقت، مؤثر اور جارحانہ ردعمل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
فیلڈ مارشل کو آگاہ کیا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں دشمن کے بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ اس موقع پر ریاستی رٹ کو مزید مضبوط بنانے، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
#ISPR
— Pakistan Armed Forces News 🇵🇰 (@PakistanFauj) February 4, 2026
Rawalpindi, 04 February, 2026
Field Marshal Syed Asim Munir, NI (M), HJ, #COAS & CDF, of Pakistan visited Quetta, #Balochistan today.
Field Marshal received a comprehensive operational briefing on the prevailing security environment and internal security operations. The… pic.twitter.com/OBN91A1Km6
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔
فیلڈ مارشل نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے وطن دشمن سازشوں کو ناکام بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، فرنٹیئر کور بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور مادرِ وطن کے دفاع میں ان کی جرات، استقامت اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس سے قبل کور کمانڈر کوئٹہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوئٹہ آمد پر ان کا استقبال کیا۔







