محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے تحت کھلے مقامات پر ڈرون کے استعمال پر پابندی نافذ کی گئی ہے۔ حکومت پنجاب نے یہ اقدام ڈرونز کے ذریعے سیکیورٹی میں ممکنہ خلل کے خدشات کے باعث اٹھایا ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ شادی ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلیجنس ایجنسیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

ادھر راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے محکمہ داخلہ کے احکامات کے بعد پابندی پر عمل درآمد کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں بلند عمارتوں، حساس مقامات اور میٹرو ٹریک کے اطراف ڈرونز کی موجودگی کی خصوصی نگرانی کی جائے گی تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کو بروقت روکا جا سکے۔