حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل احمد نے کہا کہ عمران خان کی خدمات اور کامیابیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، اور یہ بات تقریباً سب تسلیم کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے قومی ہیرو ہیں،مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہو یا پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، اس حقیقت سے انکار مشکل ہے کہ عمران خان نے کرکٹ میں ملک کا نام روشن کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی طور پر وہ عمران خان کو پسند کرتے رہے ہیں اور ان کی شخصیت میں کشش محسوس کرتے ہیں، لیکن سیاست ایک الگ میدان ہے جہاں ان کی رائے مختلف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی اختلاف کے باوجود کسی شخصیت سے نفرت کرنا ضروری نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں اکثر سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی بنا لیا جاتا ہے، جو درست رویہ نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں برداشت اور مکالمے کی فضا کو فروغ دینا چاہیے، تاکہ مختلف آرا کے باوجود معاشرہ مثبت انداز میں آگے بڑھ سکے۔

ان کے اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کچھ صارفین نے سہیل احمد کے مؤقف کو متوازن اور حقیقت پسندانہ قرار دیا، جبکہ بعض نے ان کی رائے سے اختلاف بھی کیا۔

واضع رہے کہ عوامی شخصیات کی جانب سے اس نوعیت کے بیانات پاکستان میں جاری سیاسی مباحثے کو ایک نیا رخ دے سکتے ہیں، جہاں اختلاف رائے کے باوجود شائستگی اور احترام کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔