رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 26 بچے، 17 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 45 مرد، 19 خواتین اور 47 بچے شامل ہیں۔ زیادہ تر اموات چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث ہوئیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی طور پر 470 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 409 گھروں کو جزوی، جب کہ 61 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ متاثرہ اضلاع میں پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، سوات سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔

حکام کے مطابق متاثرہ اضلاع میں امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ادھر پی ڈی ایم اے نے 6 سے 9 اپریل کے دوران مزید بارشوں کے نئے سلسلے کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حساس علاقوں، خصوصاً سیاحتی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پیسکو حکام کے مطابق بارش کے دوران متاثر ہونے والے 235 فیڈرز بحال کر دیے گئے ہیں، جب کہ بعض علاقوں میں متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جب کہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔