راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے مطابق آٹھویں جماعت کے امتحانات کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں اور طلبہ بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے اپنے رزلٹس دیکھ سکتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی آٹھویں جماعت کے سالانہ نتائج 2026 کے اجرا کا باضابطہ اعلان کیا۔

رواں برس کے نتائج کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار امتحانی پرچوں کی جانچ پڑتال سو فیصد مشینوں اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے ذریعے کی گئی، تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق آٹھویں جماعت کے امتحانات میں تقریباً 10 لاکھ طلبہ نے شرکت کی، جن میں کامیابی کا مجموعی تناسب 88 فیصد رہا۔

جاری کردہ نتائج کے مطابق لڑکیوں نے نمایاں برتری حاصل کی ہے۔ لڑکیوں کی کامیابی کا تناسب 92 فیصد جبکہ لڑکوں کا 83 فیصد رہا۔

طلبہ  پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے آفیشل پورٹل پر جا کر اپنا رزلٹ آن لائن چیک کر سکتے ہیں۔ رزلٹ دیکھنے کے لیے طلبہ کو ویب سائٹ پر اپنا مخصوص رول نمبر درج کرنا ہوگا، جس کے بعد مکمل رزلٹ کارڈ اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے تعلیمی نظام میں آٹھویں جماعت کے نتائج کو طلبہ کی تعلیمی بنیاد کے طور پر خاص اہمیت حاصل ہے۔ یہ نتائج نہ صرف تعلیمی کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ میٹرک کی سطح پر بہتر تعلیمی اداروں کے انتخاب اور مستقبل کے کیریئر کے تعین میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔