گلگت بلتستان میں پاکستان مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار خطے میں امن و استحکام کے لیے تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی اور سیکیورٹی حکمت عملی کے باعث نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملی ہے بلکہ عالمی برادری میں پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوا ہے۔،ان اقدامات کے نتیجے میں دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی ساکھ میں بہتری آ رہی ہے۔

گلگت بلتستان کی ترقی کے حوالے سے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن سے زیادہ اس خطے کی ضروریات اور مسائل کو کوئی نہیں سمجھتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں گلگت بلتستان میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے، جن میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری سرفہرست رہی۔

صدر سلم لیگ نے کہا کہ ان کے دور میں تقریباً 60 ارب روپے کی لاگت سے اہم شاہراہوں کی تعمیر سے نہ صرف فاصلے کم ہوئے بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ ملا،موجودہ وزیراعظم شہباز شریف بھی گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔

 پارٹی کارکنان کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  وہ آئندہ انتخابات کی تیاری کریں اور عوام کے ساتھ مضبوط رابطہ قائم رکھیں تاکہ پارٹی کا پیغام ہر سطح تک پہنچایا جا سکے۔

واضح رہے کہ نواز شریف کا یہ بیان نہ صرف موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی حمایت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ اس میں پارٹی کی آئندہ سیاسی حکمت عملی کی جھلک بھی نمایاں ہے، خاص طور پر گلگت بلتستان جیسے اہم خطے کے حوالے سے۔