وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ میں طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کے نتیجے میں جنگ بندی کا عمل شروع ہوا، جس کے بعد سفارتی بات چیت کے دروازے کھلے اور علاقائی سطح پر اہم پیش رفت ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈپلومیسی کا عمل جاری ہے، گھڑی رکی نہیں اور پاکستان دونوں فریقوں سے رابطے میں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے لیے سہولت کاری کا کردار ادا کیا ہے اور اب بھی رابطے برقرار ہیں۔ اگرچہ براہِ راست رابطوں کی رپورٹس آ رہی ہیں، لیکن پاکستان کا کردار مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی سطح پر تشویش کا باعث ہے اور پاکستان سمندری راستوں کی مکمل بحالی اور تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کا حامی ہے۔
طاہر اندرابی نے افغانستان کے ساتھ سرحدی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغان فورسز کی جانب سے شہری علاقوں پر فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات تشویشناک ہیں، جن میں خواتین اور بچے زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ کابل کے الزامات پروپیگنڈا ہیں، حقیقت یہ ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ حاصل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ انگور اڈہ اور دیگر علاقوں میں سیزفائر کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جو انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔
مزید پڑھیں: خلیج فارس کا مستقبل امریکا کے بغیر، آبنائے ہرمز کے لیے ایک نیا باب تحریر کیا جا رہا ہے: مجتبیٰ خامنہ ای
کشمیر سے متعلق سوالات پر طاہر اندرابی نے کہا کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں کشمیری رہنماؤں کی گرفتاری اور تعلیمی اداروں پر پابندیاں جعلی مقدمات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے شبیراحمد شاہ اور یاسین ملک کی مسلسل حراست پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کا عدالتی نظام جانبداری کا شکار ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اردو زبان اور تعلیمی نصاب میں تبدیلیاں کشمیری شناخت مٹانے کی کوشش ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایران، سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور دیگر عالمی رہنماؤں سے متعدد رابطے کیے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔ پاکستان، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں استحکام کے لیے کام کر رہا ہے۔
Weekly Press Briefing by the Spokesperson @TahirAndrabi
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) April 30, 2026
On Afghanistan - related Queries pic.twitter.com/Rku2dGiyUZ
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہے اور پاکستان اس کی فوری بحالی کا حامی ہے کیونکہ اس کی بندش عالمی معیشت کو متاثر کر رہی ہے۔
کمبوڈیا اور صومالیہ میں پاکستانی شہریوں کے معاملات پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کی واپسی اور حفاظت کے لیے سفارتی سطح پر اقدامات کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ خطے میں امن، سفارتی حل اور تنازعات سے بچاؤ ہو۔ پاکستان ہر سطح پر امن، مذاکرات اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔







