منصورہ لاہور میں سوشل میڈیا ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں سرکاری اسکول آؤٹ سورس کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی سیاسی جماعت کی ترجیح نہیں رہی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر جماعت اسلامی کو موقع ملا تو ملک میں سو فیصد مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔

ملکی معیشت اور پٹرولیم مصنوعات پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حالیہ اضافے کے بعد پٹرول پر لیوی 117 روپے تک پہنچ چکی ہے، جو عوام پر سراسر بوجھ ہے۔

جنوبی ایشیا کی سیاست کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انڈیا میں بی جے پی سیاسی محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دراصل آر ایس ایس کا دوسرا نام ہے، جسے برسوں کی ذہن سازی کے ذریعے سہارا دیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے ڈیجیٹل میڈیا ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں اور عوامی مسائل پر بھرپور آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اقامتِ دین جماعت اسلامی کی تحریک کا بنیادی حصہ ہے، اس لیے نیک نیتی سے عوام کی خدمت کریں اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔