پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کی روشن مثال ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک ایسی آزمودہ شراکت داری ہے جو ہر بدلتے عالمی اور علاقائی منظرنامے میں مزید مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی “ہرموسم اسٹریٹجک تعاون” کی شکل اختیار کرچکی ہے جس کی بنیاد مشترکہ مفادات، امن اور ترقی کے وژن پر قائم ہے۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے ان کی مدبرانہ قیادت میں عالمی سطح پر غیرمعمولی ترقی کی اور دنیا کی بڑی معاشی طاقت کے طور پر اپنی حیثیت مستحکم کی،  چین کی ترقی، جدید انفرااسٹرکچر، غربت کے خاتمے اور صنعتی جدت نے ترقی پذیر ممالک کو ایک نئی امید دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے “ایک چین” کے اصول پر اپنے غیرمتزلزل مؤقف کا اعادہ کرتا ہے اور ہر بین الاقوامی فورم پر چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دونوں ممالک کی دوستی کا تاریخی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی معیشت میں نئی روح پھونکنے میں کلیدی کردار ادا کیا، اس منصوبے کے ذریعے ملک میں شاہراہوں، بندرگاہوں، توانائی منصوبوں اور صنعتی شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

سی پیک کے تحت توانائی کے بڑے منصوبوں  کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں بجلی بحران کم کرنے میں مدد دی جبکہ مواصلاتی نظام اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سے ملکی معیشت کو نئی سمت ملی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو کے آغاز کے بعد صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی منتقلی، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان اور چین نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ عالمی سطح پر بھی امن، کثیرالجہتی تعاون، مشترکہ ترقی اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور خطے میں استحکام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا اور ایران کشیدگی، سعودی عرب نے پاکستان کو اہم ثالث قرار دیدیا

شہباز شریف نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ آنے والے برسوں میں پاک چین تعلقات مزید وسعت اختیار کریں گے اور دونوں ممالک اقتصادی، دفاعی، تجارتی اور سفارتی شعبوں میں نئی کامیابیاں حاصل کریں گے۔

واضح رہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی حالیہ بیان میں کہا تھا کہ سی پیک فیز ٹو کا باضابطہ آغاز ہوچکا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف جلد چین کا اہم سرکاری دورہ بھی کریں گے جہاں دونوں ممالک کے درمیان متعدد نئے معاہدوں اور تعاون کے منصوبوں پر پیش رفت متوقع ہے۔