کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بعض سیاسی عناصر عوام میں غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ ہل پارک کی ایک انچ زمین بھی کسی فرد، ادارے یا نجی کمپنی کو منتقل نہیں کی گئی۔

میئر کراچی نے عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر بھر میں جاری خصوصی صفائی مہم کے دوران لینڈ فل سائٹس پر مجموعی طور پر 81 ہزار 525 ٹن آلائشیں منتقل کی گئیں، جبکہ 88 ہزار 436 ٹن جانوروں کی باقیات اور دیگر کچرے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہری اداروں نے عید کے تینوں دن بھرپور محنت کے ساتھ خدمات انجام دیں، جس کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہتر رہی،  کراچی کے عوام کی سہولت اور شہر کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی جانب سے حالیہ پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کو ماضی میں تقسیم اور نفرت کی سیاست سے شدید نقصان پہنچا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں الزام تراشی کے بجائے شہری مسائل کے حل اور عوامی مفاد پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ کھالوں، لاشوں اور لسانی بنیادوں پر سیاست نے شہر کی ترقی کا راستہ روکے رکھا، جبکہ موجودہ قیادت کراچی کو ایک جدید، صاف ستھرا اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس دوبارہ پٹری پر، کوئٹہ سے پشاور کے لیے ٹرین سروس بحال

دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی ایم کیو ایم پاکستان کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بے بنیاد الزامات اور پرانے سیاسی نعروں کے ذریعے عوام کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن عوام اب ایسے بیانیوں کو مسترد کر چکے ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کسی ایک جماعت یا گروہ کی جاگیر نہیں بلکہ پورے پاکستان کا معاشی اور تجارتی مرکز ہے، جس کی ترقی اور بہتری تمام سیاسی اختلافات سے بالاتر ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی عوامی مقام، پارک یا سرکاری اراضی سے متعلق اگر کوئی قانونی یا انتظامی تنازع موجود ہے تو اس کا حل عدالتوں اور متعلقہ سرکاری اداروں کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، نہ کہ سیاسی بیانات اور عوامی اشتعال انگیزی کے ذریعے۔

صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ سندھ حکومت شہریوں کے مفاد، سرکاری املاک کے تحفظ اور کراچی کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔