اسرائیلی حملے، ایرانی جوابی کارروائیاں اور لبنان میں حزب اللہ سے جڑے محاذ نے اس پورے بحران کو ایک ایسے نکتے پر لا کھڑا کیا ہے، جہاں جنگ بندی اور امن مذاکرات دونوں غیر یقینی دکھائی دیتے ہیں۔
اسی پس منظر میں ایک اہم سوال ابھر کر سامنے آیا ہے کہ آخر لبنان اس پورے خطے کے بحران کا سب سے حساس اور فیصلہ کن مرکز کیوں بن گیا ہے؟ اور کیوں کہا جا رہا ہے کہ لبنان کے بغیر ایران۔اسرائیل جنگ بندی ممکن نہیں؟
یہی سوال آج امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کے لیے بھی سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
جنگ بندی کے دعوے اور زمینی حقیقت
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ایران اور اسرائیل کے درمیان براہ راست اور بالواسطہ حملوں میں تیزی آئی ہے۔
اسرائیل نے ایران کے اندر مختلف فوجی اور صنعتی اہداف کو نشانہ بنایا، جب کہ ایران نے جواب میں میزائل اور ڈرون حملوں کے ذریعے اسرائیلی اہداف پر حملے کیے۔ ان حملوں نے خطے میں ایک نئی خطرناک سطح کی کشیدگی پیدا کر دی ہے۔
امریکی انتظامیہ کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا کہ دونوں فریقین کو محدود وقفہ دینے پر اتفاق ہو سکتا ہے اور ایران کے ساتھ ایک بڑے معاہدے کی طرف پیش رفت جاری ہے۔
اس معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنا اور خطے میں براہ راست جنگ کے خطرات کو کم کرنا شامل ہے۔ تاہم، اس بیانیے کے ساتھ ہی ایک بڑا تضاد سامنے آیاہے یعنی کہ لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کا تسلسل بدستور جاری ہے۔
لبنان بحران کا مرکز کیوں ؟
لبنان اس تنازع کا مرکزی نکتہ اس لیے بن گیا ہے کیونکہ یہاں موجود حزب اللہ ایران کے علاقائی اثر و رسوخ کا سب سے اہم ستون سمجھا جاتا ہے۔
حزب اللہ نہ صرف لبنان میں ایک طاقتور سیاسی و عسکری قوت ہے بلکہ اسرائیل کے خلاف ایران کے محورِ مزاحمت کا عملی بازو بھی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان اصل لڑائی صرف براہ راست سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک پراکسی نیٹ ورک کی جنگ ہے، جس کا سب سے مضبوط محاذ لبنان ہے۔
لبنان کی جغرافیائی حیثیت بھی اسے اس بحران کا مرکز بناتی ہے، یہ اسرائیل کی شمالی سرحد سے جڑا ہوا ہے، یہاں حزب اللہ کی عسکری موجودگی مضبوط ہے اور یہ ایران کے علاقائی اثر و رسوخ کا سب سے نمایاں مقام ہے۔
اسی لیے جب بھی ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بڑھتی ہے، لبنان فوری طور پر اس کا حصہ بن جاتا ہے۔
اسرائیلی حملے اور لبنان کا ردعمل
حالیہ مہینوں میں اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقوں اور بیروت کے نواحی حصوں میں متعدد کارروائیاں کیں، جن کا ہدف مبینہ طور پر حزب اللہ کے ٹھکانے اور اسلحہ ذخائر تھے۔ ان حملوں کے جواب میں حزب اللہ نے بھی اسرائیلی سرحدی علاقوں میں راکٹ حملے کیے۔
لبنانی حکام کے مطابق یہ صورتحال 2006 کی جنگ کے بعد سب سے زیادہ خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، کیونکہ دونوں طرف سے حملوں کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
ایران نے ان حملوں کو براہ راست اپنی اسٹریٹجک سکیورٹی کے خلاف اقدام قرار دیا اور واضح کیا کہ اگر لبنان کو نشانہ بنایا جاتا رہا تو ایران خاموش نہیں رہے گا۔
امریکا کا سفارتی بحران
امریکا اس وقت ایک پیچیدہ سفارتی صورتحال میں پھنسا ہوا ہے۔ ایک طرف واشنگٹن ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو حتمی شکل دینا چاہتا ہے تاکہ خطے میں بڑے پیمانے پر جنگ سے بچا جا سکے، جب کہ دوسری طرف اسرائیل اپنی سکیورٹی پالیسی کے تحت حزب اللہ کو مکمل طور پر کمزور کرنے کے حق میں ہے۔
یہی تضاد امریکی سفارت کاری کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، اگر امریکا اسرائیل کو روکتا ہے تو تل ابیب کے تحفظات بڑھ جاتے ہیں اور اگر اسرائیل کو کھلی چھوٹ دی جاتی ہے تو ایران مذاکرات سے پیچھے ہٹ سکتا ہے۔
اسی لیے لبنان ایک ڈیڈ لاک پوائنٹ بن چکا ہے جہاں ہر فریق کی سرخ لکیریں آ کر ٹکرا رہی ہیں۔
لبنان معاہدے سے باہر نہیں ہو سکتا، ایران
ایران بارہا اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ لبنان کو کسی بھی جنگ بندی یا علاقائی معاہدے سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
تہران کے مطابق اگر حزب اللہ کو اسرائیلی دباؤ اور حملوں کے سامنے تنہا چھوڑ دیا گیا تو یہ پورے محورِ مزاحمت کے خاتمے کے مترادف ہوگا۔
ایران کی اسٹریٹجک سوچ میں لبنان صرف ایک اتحادی ملک نہیں بلکہ اسرائیل کے خلاف دفاعی لائن، علاقائی اثر و رسوخ کا مرکز اور مزاحمتی پالیسی کا عملی میدان ہے۔
اسی لیے ایران کا مؤقف سخت ہے کہ جنگ بندی ہو یا امن معاہدہ، لبنان اس کا لازمی حصہ ہوگا۔
حزب اللہ: پراکسی سے ریاستی طاقت تک
حزب اللہ کی طاقت کو سمجھنا اس بحران کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے۔ 1980 کی دہائی میں وجود میں آنے والی یہ تنظیم آج لبنان کی ایک بڑی سیاسی اور عسکری قوت ہے۔
اس کے پاس ہزاروں جنگجو، جدید راکٹ سسٹمز اور اسرائیل کی شمالی سرحد پر مضبوط اثر و رسوخ موجود ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حزب اللہ کی موجودگی نے اسرائیل کے لیے شمالی محاذ ہمیشہ خطرناک رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسرائیل کسی بھی ایران۔اسرائیل تنازع میں لبنان کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔
2006 جنگ کا سایہ
لبنان کا موجودہ بحران 2006 کی اسرائیل۔حزب اللہ جنگ کی یادیں تازہ کرتا ہے، جب ایک ماہ طویل لڑائی نے پورے خطے کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اس جنگ کے بعد اگرچہ وقتی طور پر امن قائم ہوا، لیکن بنیادی تنازعات حل نہیں ہوئے۔
آج بھی وہی بنیادی سوال برقرار ہے، اسرائیل کی سکیورٹی، حزب اللہ کا وجود اور ایران کا علاقائی کردار۔ یہ تینوں عوامل کسی بھی جنگ بندی کو مستقل امن میں بدلنے سے روکتے ہیں۔
Marco Rubio:
— Clash Report (@clashreport) May 25, 2026
The problem is not Lebanon and Israel. The problem is Hezbollah.
Just last night, Hezbollah put out a statement calling for the overthrow of the Lebanese government.
And it just reminds you of who you re dealing with here, by the way, an Iranian proxy, 100%… pic.twitter.com/O1W3Tveplp
ممکنہ منظرنامے
ماہرین تین بڑے ممکنہ راستوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ پہلامحدود سفارتی کامیابی ہے، یعنی یہ کہ امریکا اسرائیل اور ایران کو اس بات پر قائل کر لے کہ لبنان میں کشیدگی کم کی جائے اور جنگ بندی کو وسیع کیا جائے۔ یہ سب سے مشکل مگر ممکنہ حل ہے۔
دوسرا جزوی کشیدگی کا تسلسل ، یعنی کہایران اور اسرائیل کے درمیان وقتی وقفہ برقرار رہے، لیکن لبنان میں حملے اور جوابی کارروائیاں جاری رہیں۔ یہ صورتحال کم شدت کی جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
تیسرا اور آخری حل وسیع علاقائی جنگ ہے، اگر لبنان میں کوئی بڑا حملہ یا جوابی کارروائی ہوتی ہے تو ایران براہ راست مداخلت کر سکتا ہے، جس سے پورا مشرقِ وسطیٰ ایک بڑی جنگ میں داخل ہو سکتا ہے۔
لبنان ہی فیصلہ کن محاذ کیوں ہے؟
موجودہ بحران نے ایک حقیقت واضح کر دی ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان اصل لڑائی صرف میزائل یا جوہری پروگرام تک محدود نہیں بلکہ ایک وسیع علاقائی اسٹرکچر کا حصہ ہے۔
لبنان اس اسٹرکچر کا وہ مرکز ہے، جہاں ایران کا اثر و رسوخ، اسرائیل کی سکیورٹی پریشانی، امریکا کی سفارت کاری اور حزب اللہ کی طاقت ایک دوسرے سے ٹکرا رہے ہیں۔
اسی لیے کہا جا رہا ہے کہ لبنان کے بغیر نہ جنگ بندی ممکن ہے، نہ ہی ایران۔اسرائیل بحران کا کوئی مستقل حل۔
مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اصل سوال یہ نہیں کہ جنگ کب ختم ہوگی، بلکہ یہ ہے کہ کیا لبنان اس جنگ کے بیچ میں رہے گا یا اس کے حل کا حصہ بنے گا؟






