وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن نے 28 نومبر سے 30 نومبر تک کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 313 روپے سے کم ہوکر 312 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس کی قیمت 346 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 28 نومبر سے 30 نومبر 2026 تک کے لیے آج رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کی تبدیلی، پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 48 مرتبہ کمی اور 40 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 39 مرتبہ کمی اور 46 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز 26 نومبر کو بھی حکومت نے پیٹرول ایک روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے فی لیٹر سستا کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 313 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 346 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 25 نومبر کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ حکومت نے پیٹرول 4 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے فی لیٹر سستا کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 314 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 348 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
24 نومبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 318 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 353 روپے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
اس سے قبل 23 نومبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول 319 روپے فی لیٹر ہوگیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا تھا اور اس کی قیمت 357 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔







