قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش اے کی جانب سے شہادت حسین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 118 گیندوں پر 103 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ رپن منڈول بھی 12 گیندوں پر 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دونوں بیٹرز نے نویں وکٹ کے لیے صرف 25 گیندوں پر 40 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس سے قبل رقیبول حسن 20 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وہ بنگلہ دیش اے کی جانب سے آؤٹ ہونے والے آخری بیٹر تھے۔
پاکستان اے کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا نے 10 اوورز میں 40 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
حسن نواز نے بھی 6 اوورز میں 30 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ احمد دانیال کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ محمد عمران، معاذ صداقت اور عبدالصمد کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔







