معروف سفری مصنف اور ایڈیٹر ڈان جارج کے مطابق سفرنامہ آج بھی زندہ ہے، بلکہ مطالعے کے ذریعے دنیا کو سمجھنے اور مختلف ثقافتوں سے واقف ہونے کا ایک منفرد ذریعہ ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی ٹریول‘ نے 2026 کی آٹھ بہترین سفری کتابوں کی فہرست شائع کی ہے، جن میں انٹارکٹیکا کی برفانی دنیا سے لے کر منگولیا کے وسیع میدانوں، فلپائن کے جزائر اور پاکستان کے پہاڑی علاقوں تک مختلف خطوں کے سفر اور تجربات بیان کیے گئے ہیں۔

ڈان جارج کے مطابق کتاب پڑھنے کا عمل انسان کو روزمرہ کی تیز رفتار زندگی سے نکال کر دور دراز مقامات، اجنبی لوگوں اور مختلف معاشروں کے قریب لے جاتا ہے۔

ان کے نزدیک بہترین سفرنامے صرف نئی جگہوں کی سیر نہیں کراتے بلکہ دنیا کے بارے میں ہمارے تصورات کو بھی بدلتے ہیں۔

انٹارکٹیکا کی برفانی دنیا کے دو سفر

ویئر دی ارتھ میٹس دی اسکائی- لوئیس کے بلائٹ

لوئیس کے بلائٹ اپنی کتاب میں انٹارکٹیکا کے ایک دور افتادہ تحقیقی مرکز میں گزارے گئے تین ماہ کی روداد بیان کرتی ہیں۔ وہ وہاں سائنس دانوں کے ساتھ پینگوئنز پر تحقیق اور ان کی نگرانی کرتی رہیں۔ کتاب میں برفانی طوفانوں، تنہائی، قدرتی مناظر اور جنگلی حیات کے ساتھ انسان کے تعلق کو موضوع بنایا گیا ہے۔

پیٹرکاؤنٹنگ پینگوئنز — پیٹر جان واٹسن

جان واٹسن کی کتاب ’کاؤنٹنگ پینگوئنز‘ ان کے انٹارکٹیکا میں ایک برطانوی تحقیقی مرکز پر گزارے گئے وقت کی کہانی ہے، جہاں وہ پینگوئنز کی نگرانی کرتے تھے۔ کتاب میں ان پرندوں کے رہن سہن، افزائش نسل اور روزمرہ سرگرمیوں کو دلچسپ انداز میں بیان کیا گیا ہے۔

اپنے ہی ملک کو نئے زاویے سے دیکھنے کے سفر

امریکن ریمبلر — آئزک فٹزجیرالڈ

آئزک فٹزجیرالڈ اپنی کتاب میں امریکی لوک کردار جانی ایپل سیڈ کے سفر کے نقشِ قدم پر ایک سالہ مہم کی روداد بیان کرتے ہیں۔ میساچوسٹس سے انڈیانا تک ان کا سفر امریکی معاشرے، مقامی آبادیوں، چھوٹی بستیوں اور مختلف ثقافتوں کو سمجھنے کی کوشش ہے۔

دی وائلڈ روڈ ہوم — سائمن پارکر

سائمن پارکر کی کتاب ’دی وائلڈ روڈ ہوم‘ برطانیہ کے 15 قومی پارکوں کے سائیکل پر کیے گئے سفر پر مبنی ہے۔ اس دوران وہ کسانوں، ماہرینِ ماحولیات، سیاحوں اور مقامی افراد سے ملتے ہیں اور قدرتی ماحول کے تحفظ، سیاحت اور معاشی ترقی کے درمیان موجود چیلنجز کو اجاگر کرتے ہیں۔

معروف سیاحوں کے نئے عالمی سفر

مائیکل پیلِن اِن دی فلپائنز — مائیکل پیلِن

معروف برطانوی سیاح اور مصنف مائیکل پیلِن اپنی کتاب میں فلپائن کے 7 ہزار سے زائد جزائر کے سفر کی کہانی بیان کرتے ہیں۔ ان کا سفر منیلا کے کچرے کے ڈھیر پر آباد کمیونٹی سے لے کر پالاون کے خوبصورت ساحلوں تک پھیلا ہوا ہے۔

اس دوران وہ عام شہریوں، سماجی کارکنوں اور سیاسی شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے ملک کے سماجی اور سیاسی مسائل کو بھی سامنے لاتے ہیں۔

ٹرو نارتھ — پال تھیرو

پال تھیرو کی کتاب ’ٹرو نارتھ‘ کینیڈا کی شناخت، تاریخ اور ثقافت کو سمجھنے کی کوشش ہے۔ وہ کیوبیک کے ایک گاؤں سے اپنے خاندانی پس منظر کا سراغ لگاتے ہوئے نیوفاؤنڈ لینڈ سے وینکوور تک سفر کرتے ہیں اور مختلف نسلی و ثقافتی پس منظر رکھنے والے کینیڈین شہریوں سے گفتگو کرتے ہیں۔

دنیا کی سیر، خود کو دریافت کرنے کا سفر

دی وائلڈر وے — ایوا زو بیک

پولینڈ سے تعلق رکھنے والی سفری مصنفہ ایوا زو بیک اپنی کتاب میں بہتر زندگی اور مقصد کی تلاش کے لیے شروع کیے گئے سفر کی کہانی بیان کرتی ہیں۔

وہ اپنی سابقہ آسائشوں بھری زندگی چھوڑ کر منگولیا میں گھوڑے پر تنہا سفر کرتی ہیں، پاکستان کے پہاڑی علاقے میں ایک مقامی خاندان کے ساتھ رہتی ہیں اور یمن کے ایک دور افتادہ جزیرے پر بھی وقت گزارتی ہیں۔ کتاب میں تنہائی، تعلقات اور زندگی کے معنی جیسے موضوعات شامل ہیں۔

جیوگرافی آف ہیون — روری میک لین

روری میک لین کی کتاب ’جیوگرافی آف ہیون‘ اپنی اہلیہ کی وفات کے بعد غم اور زندگی کے نئے معنی تلاش کرنے کی کوشش پر مبنی ہے۔

مصنف یروشلم سے اپنا سفر شروع کرتے ہیں اور مختلف ممالک میں مذہبی مقامات، روایات اور روحانی تجربات کے ذریعے انسانی زندگی، عقیدے اور دوبارہ تعلق قائم کرنے کی خواہش کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

سفرنامہ محض سیاحت نہیں، دنیا کو سمجھنے کا ذریعہ

بی بی سی ٹریول کے مطابق 2026 کی یہ آٹھ کتابیں ثابت کرتی ہیں کہ سفری ادب کی اہمیت صرف نئی جگہوں کی معلومات فراہم کرنے تک محدود نہیں۔ یہ کتابیں قدرتی ماحول، انسانی تعلقات، ثقافت، تاریخ، معاشرتی مسائل اور ذاتی تبدیلی جیسے موضوعات کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔

ڈان جارج کے نزدیک سفرنامہ قاری کو دنیا کے مختلف حصوں سے متعارف کرانے کے ساتھ اپنے تصورات پر نظرثانی کا موقع بھی دیتا ہے۔ سوشل میڈیا کے تیز رفتار دور میں کتاب کے ذریعے کسی جگہ اور وہاں کے لوگوں کو وقت دے کر سمجھنا ایک ایسا تجربہ ہے جس کا متبادل صرف تصاویر اور مختصر ویڈیوز نہیں بن سکتیں۔