وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ، جولائی اور اگست 2026 کے دوران امریکا کے لیے پاکستان کی برآمدات ایک ارب 17 کروڑ ڈالر رہیں، جب کہ اسی عرصے میں امریکا سے پاکستان نے 69 کروڑ ڈالر کی درآمدات کیں۔

ذرائع کے مطابق جولائی اور اگست 2026 کے دوران پاکستان کا امریکا کے ساتھ تجارتی سرپلس 48 کروڑ ڈالر رہا۔ اس دوران امریکا کے لیے پاکستان کی برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 10.46 فیصد اضافہ ہوا۔

وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی اور اگست 2026 میں امریکا سے پاکستان کی درآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 144 فیصد بڑھ گئیں۔

ذرائع کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کا امریکا کے ساتھ تجارتی سرپلس 2 ارب 59 کروڑ ڈالر رہا۔

پاکستان کی مالی سال 2025-26 میں امریکا کے لیے مجموعی برآمدات 5 ارب 91 کروڑ ڈالر تھیں، جبکہ اسی عرصے میں امریکا سے پاکستان نے 3 ارب 32 کروڑ ڈالر کی درآمدات کیں۔

اعدادوشمار کے مطابق پاکستان امریکا کے ساتھ گزشتہ مالی سال بھی تجارتی سرپلس برقرار رکھنے میں کامیاب رہا، جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں بھی امریکا کو پاکستانی برآمدات درآمدات کے مقابلے میں زیادہ رہی ہیں۔