وزارتِ ریلوے کے مطابق مشاورتی سرگرمی میں قومی و بین الاقوامی کنٹریکٹرز، کنسلٹنٹس، آلات فراہم کرنے والے اداروں اور مینوفیکچررز کی نمائندگی کرنے والے 134 شرکاء نے شرکت کی۔
کراچی تا روہڑی ایم ایل ون سیکشن کی اپ گریڈیشن حکومتِ پاکستان کا ترجیحی منصوبہ ہے، جس کا مقصد ریلوے انفرااسٹرکچر کو جدید بنانا اور سروسز کی حفاظت، استعداد، کارکردگی اور آپریشنل اعتبار کو بہتر بنانا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں منصوبے کی تیاری کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
مشاورت کے دوران شرکاء نے منصوبے کے تکنیکی، انتظامی اور خریداری سے متعلق مختلف امور پر اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں، جنہیں مؤثر خریداری کی حکمتِ عملی تشکیل دینے اور منصوبے کی تیاری مزید مضبوط بنانے میں معاون قرار دیا گیا ہے۔
وزارتِ ریلوے کے مطابق مارکیٹ نمائندگان کی بھرپور شرکت اور تعمیری تبادلۂ خیال نے مشاورتی عمل کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا۔
پاکستان ریلوے کو توقع ہے کہ مارکیٹ کے ساتھ مسلسل مشاورت سے مسابقتی، شفاف اور مؤثر خریداری کے عمل کو فروغ ملے گا، جس سے حکومت، ترقیاتی شراکت داروں، صنعت اور عوام کے لیے بہتر اور دیرپا نتائج حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔







