وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن نے 3 ستمبر 2026 کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 343 روپے 87 پیسے سے بڑھ کر 346 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 11 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 370 روپے 92 پیسے سے بڑھ کر 372 روپے 3 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 3 ستمبر 2026 کے لیے رات 12 بجے سے ہوگا۔

اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 12 مرتبہ کمی اور 18 مرتبہ اضافہ کیا گیا، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 10 مرتبہ کمی اور 20 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز یکم ستمبر کو بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 8 پیسے اضافے کے بعد 343 روپے 87 پیسے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے اضافے کے بعد 370 روپے 92 پیسے مقرر کی گئی تھی۔

اس سے قبل 31 اگست کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 77 پیسے اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 3 پیسے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 342 روپے 79 پیسے اور ڈیزل 370 روپے 41 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

28 اگست کو بھی حکومت نے 31 اگست تک کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 58 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔ اس وقت پیٹرول 342 روپے 2 پیسے جبکہ ڈیزل 371 روپے 44 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔