سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مریم نواز نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے کہا کہ وہ خود دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، اس لیے ان سے دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ نااہلی، نالائقی اور کرپشن سے خیبر پختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی حمایت میں بات کرنا نہایت افسوس ناک ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جن کی حمایت میں بیانات جاری کیے جا رہے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ کیا 13 سال میں وہ کسی ایک شہید کے جنازے میں بھی شریک ہوئے؟ ان کے بقول، انہوں نے دہشت گردوں کو پناہ دی، انہیں پالا پوسا اور پاکستان پر حملہ آور ہونے کے لیے وسائل، پناہ گاہیں اور اپنے صوبے کی زمین فراہم کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے خیبر پختونخوا میں نااہلی کے انبار لگا دیے، صوبے کے عوام کی زندگیاں تباہ و برباد کر دیں اور انہیں دہشت گردی کی نذر کر دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبے کے قیمتی وسائل دھرنوں اور احتجاج پر خرچ کیے گئے اور 13 قیمتی سال کرپشن اور نالائقی کی نذر کر دیے گئے۔

مریم نواز نے کہا کہ جس سپہ سالار نے ’معرکہ حق‘ میں ملک کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا اور جس کی قیادت میں پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز ملا، اس کے بارے میں مولانا فضل الرحمان کے الفاظ نے ہر محب وطن پاکستانی کا دل دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسر اور جوان آج بھی دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں۔ ہر روز کسی ماں کا لختِ جگر، کسی بہن کا بھائی اور کسی کا شوہر سبز ہلالی پرچم میں لپٹ کر گھر آتا ہے۔ ان شہیدوں کے لہو کو سلام پیش کرنے اور اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے دہشت گردی کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کا ساتھ دینا مولانا فضل الرحمان کے شایانِ شان نہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا حوالہ دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان کی جماعت نے خود دہشت گردی کے زخم سہے ہیں اور ان کے ساتھیوں نے شہادتیں دی ہیں۔ ان کے بقول جن لوگوں کی حمایت میں آج مولانا فضل الرحمان کھڑے ہیں، وہ ماضی میں ان کے بارے میں انتہائی ناشائستہ زبان استعمال کرتے اور ذاتی حملے کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کا دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہونا کم از کم ان کی سمجھ سے باہر ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت کے خاتمے کی ذمہ دار کوئی اور جماعت نہیں بلکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خود ہے۔