وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق اسکیم کے لیے نادرا، ٹیلی کام آپریٹرز اور صوبائی محکموں کے تعاون سے خودکار ڈیجیٹل نظام تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان ریلیف حاصل کرسکیں گے۔
اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جائے گی، جب کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر ریلیف مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت آئی ٹی کے مطابق گاڑیوں کی تصدیق صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز محکموں کے ذریعے خودکار ڈیجیٹل نظام سے کی جائے گی۔
رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو اپنے نام پر جاری سم سے مقررہ فارمیٹ کے مطابق ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔ رجسٹریشن پیغام میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔ کامیاب رجسٹریشن کے بعد شہری کو موبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔
وزارت آئی ٹی کے مطابق پیٹرول پمپ جانے سے قبل شہری کو TOK لکھ کر 9771 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔ جواب میں موصول ہونے والا ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد رعایتی پیٹرول حاصل کیا جاسکے گا۔
اسلام آباد میں رعایتی پیٹرول کی فراہمی پیر اور منگل کی درمیانی شب جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو فی لیٹر 100 روپے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
ان کے مطابق موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔







