آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 600 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد سونا 4 لاکھ 56 ہزار 736 روپے فی تولہ پر آگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 801 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 91 ہزار 577 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ عالمی بازار میں سونے کی فی اونس قیمت 56 ڈالر کم ہوکر 4 ہزار 342 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 600 روپے کی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد آج مسلسل پانچویں روز سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دریں اثنا عالمی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت میں بھی 2 ڈالر 53 سینٹس کی کمی ہوئی، جس کے بعد عالمی سطح پر چاندی کی قیمت 63 ڈالر 92 سینٹس فی اونس ہوگئی۔
عالمی قیمت میں کمی کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی پڑے، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 253 روپے کم ہوکر 6 ہزار 871 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام چاندی کی قیمت میں 217 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 5 ہزار 890 روپے کی سطح پر آگئی۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کی بڑی وجوہات میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں تبدیلی، امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی اور جغرافیائی کشیدگی شامل ہیں۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں سونے کی طلب میں اضافہ قیمتوں کو اوپر لے جاتا ہے، جبکہ عالمی حالات میں بہتری یا دیگر عوامل کے باعث طلب میں کمی سے سونے کی قیمت میں بھی کمی واقع ہوسکتی ہے۔







