سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم کے آغاز کے صرف دو دن میں پنجاب بھر سے 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جب کہ 2 لاکھ 65 ہزار طلبہ کی جانب سے درخواستیں جمع کرانے کا عمل جاری ہے۔
حکام کے مطابق سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد طلبہ کی درخواستوں کا پراسیس مکمل ہونے کے بعد انہیں جمع کرلیا گیا ہے۔ طلبہ سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے 4 اکتوبر تک آن لائن درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
سکیم کے لیے اہلیت
سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم فیز ٹو کے لیے پنجاب کا ڈومیسائل یا شناختی کارڈ ہونا بنیادی شرط ہے۔ اس کے علاوہ درخواست گزار کا ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ سرکاری یا نجی ڈگری کالج یا یونیورسٹی کا ریگولر طالب علم ہونا ضروری ہے۔
درخواست دینے والے طالب علم کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے، جبکہ اس کے پاس لرنر ڈرائیونگ لائسنس یا موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس بھی ہونا لازمی ہے۔
سکیم کے تحت ایک خاندان سے صرف ایک طالب علم کو ای بائیک فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم میں طلبہ کے لیے ڈاؤن پیمنٹ معاف کردی گئی ہے، جبکہ حکومت پنجاب ای بائیک پر عائد انٹرسٹ اور انشورنس کی رقم بھی ادا کرے گی۔
ای بائیک حاصل کرنے والے طلبہ کو صرف 3 ہزار 28 روپے ماہانہ قسط ادا کرنا ہوگی۔
سکیم کے تحت طلبہ کو ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ ای بائیک حاصل کرنے والے طلبہ کو دو روزہ تربیت بھی دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ درخواستوں کا پراسیس مکمل ہونے کے بعد چھ ہفتوں کے اندر طلبہ کو ای بائیکس کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔







