انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پولیس کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو ہدایت کی کہ اگلے احکامات تک نامزد ملزمان کے پاسپورٹ بلاک رکھے جائیں۔

عدالت کے حکم کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے علاوہ اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد علی، جنید اکبر، شاہد خٹک اور زبیر وزیر کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

فہرست میں عمر ایوب، ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر، اختر خان، ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، بابر سلیم سواتی، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب بھی شامل ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق مذکورہ افراد مقدمے میں نامزد ملزمان ہیں۔ فیصلے کے مطابق تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔

عدالت نے مزید کہا کہ ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملوں اور دہشت گردی کے فروغ جیسے سنگین الزامات عائد ہیں جب کہ وہ عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ جن ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، وہ بھی مقدمے میں شاملِ تفتیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ مذکورہ ملزمان کے پاسپورٹ اگلے احکامات تک بلاک رکھے جائیں۔